اللہتعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا(۱۰۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔ ( النساء: 103 )

اور ارشاد فرماتا ہے : وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳)

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کر۔

(البقرہ : 43)

نماز کی اہمیت کا اندازہ ان آیات سے لگایا جا سکتا ہے ۔اور اس کے علاوہ نماز کی اہمیت کا اندازہ اس سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے سارے احکام نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو زمین پر بھیجے اور جب نماز کو فرض کرنا تھا تو پیارے آقا کو عرش عظیم پر بلایا۔اور نماز کو فرض کیا۔یہ تحفہ معراج کی رات ملا۔

نماز ہر مسلمان پر فرض عین ہے اور اس کا منکر کافر ہے ۔اور جو قصداً ایک نماز چھوڑ دیتا ہے وہ فاسق ہے ۔(بہار شریعت جلد 1)

نماز قضا کرنے والوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا : فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَۙ(۴)الَّذِیْنَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُوْنَۙ(۵) ترجَمۂ کنزُالایمان: تو ان نمازیوں کی خرابی ہےجو اپنی نماز سے بھولے بیٹھے ہیں ۔ ( الماعون:4،5)

بے نمازی کی پانچ سزائیں :

بے نمازیوں کی بے حد احادیث مبارکہ میں سزائیں آئی ہیں ۔چند درج ذیل ہیں ۔

1۔جب پیارے آقا محمد عربی صلی الله علیہ وسلم معراج کی رات تشریف لے کے گئے تو ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرے جن کے سر پتھر سے کچلے جا رہے تھے ایک بار کچلنے کے بعد وہ پھر درست ہو جاتے ۔آپ نے پوچھا ۔اے جبرائیل یہ کون لوگ ہیں ؟آپ نے عرض کی : یہ وہ لوگ ہیں جن کے سر نماز پڑھنے سے بوجھل (بھاری) ہو جاتے تھے ۔(فیضان نماز،ص422)

کتاب الکبائر میں ہے جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام ویل ہے۔دنیا کے اگر سارے پہاڑ اس میں ڈال دیے جائیں تو وہ بھی اس کی گرمی سے پگھل جائیں ۔یہ ان لوگوں کا ٹھکانا ہے جو نماز میں سستی کرتے اور وقت گزار کر پڑھتے ہیں مگر یہ کہ اللہ کی بارگاہ میں توبہ کر لیں ۔

(فیضان نماز، ص431)

غی جہنم کی ایک وادی ہے جس کی گہرائی اور گرمی سب سے زیادہ ہے اس میں ایک کنواں ہے جس کا نام ہب ہب ہے ۔جہنم کی آگ جب بجھنے پر آتی ہے اللہ تعالیٰ اس کنوایں کو کھول دیتا ہے جس سے وہ پہلے کی طرح بھڑک جاتی ہے ۔،یہ کنواں بے نمازیوں شرابیوں زانیوں اور والدین کو ایذا دینے والوں کے لے ہے۔(فیضان نماز ص 422)

بے نمازی کی قبر میں آگ بھڑکا دی جائے گی اور پھر وہ دن رات اس میں الٹ پلٹ ہوتا رہے گا ۔

جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام لملم ہے اس میں اونٹ کی گردن جیسے بڑے بڑے سانپ ہیں ہر سانپ کی لمبائی ایک ماہ کی مسافت ہے ۔جب وہ بے نمازی کو ڈسے گا تو اس کا زہر 70 ستر سال تک جسم میں جوش مرتا رہے گا یہ ان لوگوں کا ٹھکانا ہے جو نماز نہیں پڑھتے ۔

بے نمازی ان احادیث مبارکہ کو غور سے پڑھے اور بار بار پڑھے ۔اِن شآءَ اللہ نماز کی پابندی نصیب ہو گی ۔اللہ تعالیٰ ہمیں پانچ وقت نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم