سزا یعنی کسی خاص کام کو عمل میں نہ لانے پر جو رد عمل ظاہر کیا جائے اسے سزا کہتے ہیں۔

یہاں ہم نماز نہ پڑھنے کی سزائیں ذکر کریں گے، نماز ایک اہم عبادت ہے، یہ سفروحضر یہاں تک کہ سخت بیماری کی حالت میں بھی معاف نہیں، نماز نہ پڑھنے والا مرنے کے بعد قبر میں، پھر جہنم میں سخت عذاب کا حقدار ہے۔

1۔ وادی حُبُّ الحزن :

یہ جہنم کی ایک وادی ہے، اس میں کالے خچر کی مانند بچھو ہیں، ہر بچھو کے 70 ڈنک ہیں، ہر ڈنک میں زہر کی تھیلی ہے، جب وہ بچھو بے نمازی کو ڈنگ مارتا ہے تو اس کا زہر اس کے سارے جسم میں پھیل جاتا ہے، اس کی گرمی ہزار سال تک رہتی ہے، اس کے بعد بے نمازی کی ہڈیوں سے گوشت جھڑتا ہے اور اس کی شرمگاہ سے پیپ بہنے لگتی ہے اور جہنمی اس پر لعنت بھیجتے ہیں۔

الامان والحفیظ! بچھو کے ڈنک کے زہر کا جسم میں پھیلنا اور ہڈیوں سے گوشت کا جھڑجا نا نہایت تکلیف دہ سزائیں ہیں۔

اے بے نمازیو! خوفِ خداوندی سے لرز اٹھو اور جلدی جلدی بے نمازی سے توبہ کر لو ۔

فَخَلَفَ مِنۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ أَضَاعُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَٱتَّبَعُواْ ٱلشَّهَوَٰتِ ۖ فَسَوْفَ يَلْقَوْنَ غَيًّا۔

(سورہ مریم، 59)

یہ آیت بے نمازیوں اور شرابیوں وغیرہ کے لئے ہے، غی جہنم کی ایک وادی ہے، جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے، اس میں ایک کنواں ہے، جس کا نام "ہب ہب" ہے، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے، تو اللہ اس کنواں کو کھول دیتا ہے، جس سے وہ بدستور بھڑکنے لگتی ہے۔

اس خوفناک کنویں کو سمجھنے کے لئے کسی دنیوی گہرے کنویں کے کنارے کھڑے ہوکر اس کی گہرائی پر ذرا نظر ڈالیے اور سوچئے کہ اگر دنیا کے اس کنویں ہی میں قید کر دیا جائے تو اس سزا کو برداشت کر سکیں گے؟؟؟ اگر نہیں اور واقعی نہیں تو جہنم کےاس کنویں کا عذاب کیونکر برداشت ہو سکے گا۔

قبر تنگ کر دی گئی: بے نمازی کی قبر کو اتنا تنگ کردیا جائے گا کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے میں داخل ہو جائیں گی۔

عمر میں برکت ختم: اس کی عمر سے برکت ختم کر دی جائے گی، عمر سے برکت ہی ختم ہو جائے گی، تو نیک اعمال کرنے کے مواقع کم ہو جائیں گے۔

5۔جہنم میں داخلہ: اور ربّ قہار کی ناراضگی، استغفراللہ اس سے بڑھ کر اور کیا سزا ہو سکتی ہے۔