الحمد للہ نماز ایک عظیم نعمت ہے۔جو پابندی سے پڑھے گا وہ جنت کا حقدار ہو گا اور جو فرض نمازیں نہیں پڑھے گا وہ عذاب نار کا حقدار بنے گا۔پارہ 16 سورہ مریم آہت نمبر 59 میں اللہ پاک فرماتا ہے:ترجمہ کنزالایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ نا خلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غئ کا جنگل پائیں گے۔

صحابی ابن صحابی جنتی ابن جنتی حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں :غئ جہنم میں ایک وادی ہے جس کی گرمی سے جہنم کی وادیاں پناہ مانگتی ہیں۔

(تفسیر صراط الجنان، ج 6، ص 132)

احادیث میں نمازیں ضائع کرنے کی بہت سی وعیدیں بیان کی گئی ہیں۔

ان میں سے 3 وعیدیں درج ذیل ہیں:

1۔جنتی صحابی حضرت نوفل بن معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہےحضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس کی نماز فوت ہوئی گویا اس کے اہل ومال جاتے رہے۔

(تفسیر صراط الجنان ،ج 6 ص 132)

2۔حضرت ام ایمن رضی اللہ عنہا سے روایت ہے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :"قصدا نماز ترک نہ کرو کیونکہ جو قصداً نمازقضا کردیتا ہے۔اللہ پاک اور رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم اس سے بری الذمہ ہے "(تفسیر صراط الجنان ،ج 6، ص 132)

3۔ جنتی صحابی حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا " سب سے پہلے قیامت کے دن بندے سے نماز کا حساب لیا جائے گا۔اگر یہ ٹھیک ہوئی تو باقی بھی ٹھیک رہیں گیں۔اور یہ بگڑی تو سب بگڑے ۔

(تفسیر صراط الجنان ،ج 10 ،ص303)

ایک حدیث مبارکہ میں بے نمازی کو 15 سزائیں دینے کا ذکر بھی ہے چنانچہ اللہ پاک کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا " جو سستی کی وجہ سے نماز چھوڑے گا،اللہ پاک اسے 15(fifteen) سزائیں دے گا ۔جن میں سے 5 دنیا میں،3 موت کے وقت،3 قبر میں اور 3 قبر سے نکلتے وقت۔

دنیا میں ملنے والی 5 سزائیں:

1۔ اس کی عمر سے برکت ختم کردی جاتی ہے۔

2۔اس کے چہرے سے نیک بندوں کی نشانی مٹا دی جاتی ہے

اللہ پاک اسے کسی عمل پر ثواب نہ دےگا۔

4۔اس کی کوئی دعا آسمان تک نہ پہنچے گی۔

5۔نیک بندوں کی دعاؤں میں اسکا کوئی حصہ نہ ہوگا۔

موت کے وقت دی جانے والی 3 سزائیں:

1۔بھوکا مرےگا۔

2۔پیاسا مرے گا ۔اگر دنیا بھر کے سمندر بھی پلا دئیے جائیں تو پھر بھی اس کی پیاس نہ بجھے گی۔

قبر میں دی جانے والی سزائیں:

1۔اس کی قبر کو اتنا تنگ کر دیا جاتا ہے کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے میں گھس جاتی ہیں۔

2۔اس کی قبر میں آگ بھڑکا دی جائیگی پھر وہ دن رات ان انگاروں پر الٹ پلٹ ہوتا رہے گا۔

3۔قبر میں اس پر ایک اژددھا(بہت بڑا سانپ) مسلط کردیا جائیگا۔ جس کا نام الشجاع الاقرع (یعنی گنجا سانپ)ہے۔اس کی آنکھیں آگ کی ہونگی جبکہ ناخن لوہے کے ہونگےہر ناخن کی لمبائی ایک دن کی مسافت یعنی فاصلے جتنی ہوگی وہ سب سے کہے گا میں الشجاع الا قرع(گنجا سانپ) ہوں۔ اس کی آواز بجلی کی کڑک سی ہوگی وہ سب سے کہے گا۔میرے رب نے مجھے حکم دیا کہ نماز فجر ضائع کرنے پہ طلوع آفتاب تک مارتا ہوں ۔اور نماز ظہر ضائع کرنے پر عصر تک مارتا رہوں اور نماز عصر ضائع کرنے پر مغرب تک مارتا ہوں اور نماز مغرب ضائع کرنے پر عشاء تک مارتا ہوں اور نماز عشاء ضائع کرنے پر فجر تک مارتا ہوں۔اور وہ جب بھی اس مردے کو مارے گا تو وہ 70 ہاتھ تک زمین میں دھنس جاتا ہے۔اور وہ نماز ترک کرنے والا قیامت تک اس عذاب میں مبتلا رہے گا۔

قیامت میں ملنے والی 3 سزائیں:

1۔حساب کی سختی

2۔ رب قہار کی ناراضی

3۔ جہنم میں داخلہ۔( فیضان نماز، ص423)

*وضاحت* : بیان کردہ احادیث میں 15 سزاوں کا تذکرہ ہے مگر تفصیل 14 سزاؤں کی بیان ہوئی ہے۔البتہ فقیہ ابوللیث سمرقندی علیہ الرحمہ کی نقل کردہ روایت میں مکمل 15 سزاوں کا تذکرہ ہے۔جن میں یہ شامل۔کر دیں تو 15 کا عدد پورا ہو جاتا ہے۔

”دنیا میں مخلوق اس سے نفرت کرے گی “۔

(فیضان نماز،427،نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں، ص 14)

اللہ پاک ہر مسلمان کو پابندی اور خشوع اور خضوع کے ساتھ اور صحیح طریقے سے 5 وقت کی نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور نماز کی ادائیگی میں سستی اور کاہلی سے محفوظ فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم