آج کے پُرفتن دور میں میں جہاں لوگوں میں خوفِ خدا کم ہوتا جا رہا ہے   اور وہ گناہوں پر دلیر ہوتے جا رہے ہیں، وہیں نماز چھوڑ دینا ایک ایسا مرض ہے جس میں مسلمانوں کی اکثریت مبتلا ہے، قرآن و حدیث میں نماز چھوڑ دینے والوں کے لئے کئی سزاؤں کا ذکر ہے جن میں سے چند یہ ہیں، پڑھیے اور خوفِ خدا سے لرزئیے:

اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں(ضائع کیں) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غیّ کا جنگل پائیں گے ۔(مریم: 59)

مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرَّحمہ فرماتے ہیں:" غی جہنم میں ایک وادی ہے، جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے۔ اس میں ایک کنواں ہے، جس کا نام ہب ہب ہے، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے، اللہ پاک اس کُنویں کو کھول دیتا ہے جس سے وہ بدستور بھڑکنے لگتی ہے۔

(فیضانِ نماز ، حصہ:نماز نہ پڑھنے کے عذابات، صفحہ 422)

2۔ حضور صلی الله علیه وسلم نے ارشاد فرمایا :" جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہوگا۔

"( فیضانِ نماز ، حصہ:نماز نہ پڑھنے کے عذابات، صفحہ 423)

3۔ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا ": تارکِ نماز کو زکوٰة نہ دو، نہ اس کو اپنے پاس ٹھہراؤ اور نہ ہی اس کو اپنے پاس بٹھاؤ کیوں کہ اس پر آسمان سے لعنت برستی ہے۔"

(نیکیوں کی جزائیں گناہوں کی سزائیں، صفحہ 19)

4۔ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا :" جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام لَمْلَمْ ہے، اس میں اژدھے ہیں، ہر اژدھے کی موٹائی اونٹ کی گردن کی مانند ہے ، اس کی لمبائی ایک مہینے کی مسافت جتنی ہے ، جب وہ سانپ بے نمازی کو ڈسے گا تو اس کا زہر اس کے جسم میں 70 سال تک جوش مارتا رہے گا، پھر اس (بے نمازی) کا گوشت گل جائے گا اور ہڈیاں ٹوٹ جائیں گی اور وہ تمام کے تمام اژدھے اس وادی میں اس کو عذاب دیتے رہیں گے۔" (نیکیوں کی جزائیں گناہوں کی سزائیں، صفحہ 21)

5۔اور جہنم میں ایک وادی کا نام "جُبُّ الحُزن" ہے، جس میں بِچُّھو ہیں، ہر بِچُّھو سِیاہ خچر کی مانند ہے، اس کے 70 ڈنک ہیں اور ہر ڈنک میں زہر کی تھیلی ہے، جب وہ بے نمازی کو ڈنک مارے گا تو اس کا زہر سارے جسم میں سرایت کر جائے گا اور وہ اس کے زہر کی حرارت ہزار سال تک محسوس کرے گا، پھر اس کا گوشت ہڈیوں سے جھڑ جائے گا، اس کی شرمگاہ سے پیپ بہے گی اور تمام جہنمی اس پر لعنت بھیجتے ہوں گے۔ "( نیکیوں کی جزائیں گناہوں کی سزائیں، صفحہ 21)

اگر خدانخواستہ آپ بھی نماز ترک کر دینے کے مرض میں مبتلا ہیں، تو آئیں آج سچی توبہ کرتے ہیں کہ آج سے ہماری کوئی نماز قضا نہیں ہوگی۔

یا اللہ پاک ہمیں پابندی وقت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرما اور ہماری توبہ کو قبول فرما اور ہم سے سدا کے لئے راضی ہوجا ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم