کلمہ اسلام کے بعد اسلام کا سب سے بڑا رکن نماز ہے نماز دین کا ستون اور اندھیری قبر کا چراغ ہے نماز ہی سے کفر و ایمان کے درمیان امتیاز ہوتا ہے کتنا بد نصیب ہے وہ انسان جو نماز نہیں پڑھتا حالانکہ اللہ کریم نے انسان اور جنوں کو پیدا ہی اپنی عبادت اور بندگی کے لئے کیا ہے تارک نماز مرتکب کبیرہ گناہ اور عذاب نار کا حقدار ہے بے نمازی کے لئے قرآن و حدیث میں کئی   سزاؤں کا ذکر کیا گیا ہے جن میں سے چند یہ ہیں:

سر کچلا جا رہا تھا :

شب معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسی قوم کے پاس پہنچے جن کے سر پتھروں کے ساتھ کچلے جا رہے تھے جب بھی انہیں کچلا جاتا وہ پہلے کی طرح درست ہوجاتے اور اس معاملے میں ذرا برابر سستی نہ برتی جاتی ۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:اے جبرئیل! یہ کون ہیں؟ تو عرض کی : یہ وہ لوگ ہیں جن کے سر نماز سے بوجھل ہو جاتے تھے۔(مجمع الزوائد، کتاب الایمان، باب منہ فی الاسری، الحدیث 235 جلد 1 صفحہ 236)

نماز سے بھولنے والے :

فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَۙ(۴)الَّذِیْنَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُوْنَۙ(۵) تَرجَمۂ کنز الایمان:تو ان نمازیوں کی خرابی ہےجو اپنی نماز سے بھولے بیٹھے ہیں ۔ ( الماعون:4،5)

نماز سے بھولنے کی چند صورتیں:

پابندی سے نہ پڑھنا، صحیح وقت پر نہ پڑھنا،فرائض و واجبات کو صحیح طریقے سے ادا نہ کرنا وغیرہ

3۔حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :کہ جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دے گا اللہ پاک اس کے اعمال برباد کر دے گا اور اللہ کریم کا ذمہ اس سے اٹھ جائے گا جب تک کہ وہ توبہ کے ذریعے اللہ پاک کی طرف رجوع نہ کرے ۔

(المعجم الکبیر، الحدیث: 233، جلد 20، صفحہ 117 مختصرا)

4- اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السلام کو وحی فرمائی :اے داؤد! بنی اسرائیل سے کہو جس نے ایک نماز جان بوجھ کر چھوڑ دی وہ قیامت کے دن مجھ سے اس حال میں ملے گا کہ میں اس پر غضب فرماؤں گا ۔(الزہر الفائح، صفحہ 28)

5۔دو جہاں کے سلطان صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :کہ جس نے جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑی اللہ پاک سے اس حال میں ملے گا کہ اللہ تعالی اس پر ناراض ہو گا ۔

(مجمع الزوائد، جلد 2، صفحہ 26 حدیث 1632)

اللہ اللہ! بے نمازی کے لئے اس سے بڑھ کر اور کیا سزا ہو سکتی ہے کہ اس کا رب اس سے ناراض ہو جائے ۔نعوذباللہ من ذالک

دیکھو اللہ ناراض ہوجائے گا

بھائیوتم کبھی چھوڑنا مت نماز

بے نمازی جہنم کا حق دار ہے

بھائیو تم کبھی چھوڑنا مت نماز