اسلام سراسر خیر ہی ہے، اسلام کی وجہ سے اللہ رب العزت نے اس کے ماننے والوں کو عزت عطا فرمائی ہے، قرآن کریم میں جابجا نماز کو قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ارشادِ ربّانی ہے:"نماز قائم کرو" جس اسلام کو امام حسین نے کربلا میں جان دے کر بچایا تھا، نماز میں سجدے کی حالت میں اپنا سر قلم کروا دیا لیکن نماز نہیں چھوڑی، اگر اس اسلام میں ہمارا حصّہ نہ ہو تو بڑے خسارے کی بات ہے، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا:" جو نماز کو ضائع کرتا ہے اس کااسلام میں کوئی حصہ نہیں۔" خدارا! نماز قائم کریں اور اپنا حصّہ اسلام میں باقی رکھیں۔

نماز نہ پڑھنے کی5سزائیں:

1۔فرعون، قارون، ہامان اور ابی بن خلف کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

بعض علماء فرماتے ہیں:" نماز نہ پڑھنے والے کو چار (فرعون، قارون، ہامان اور ابی بن خلف) کے ساتھ اس لیے اٹھایا جائے گا کہ اس نے اپنے مال، حکومت ، وزارت اور تجارت کی وجہ سے نماز کو چھوڑا، اگر وہ مال میں مشغول ہو کر نماز چھوڑتا ہے تو اس کا حشر قارون کے ساتھ ہوگا، اگر حکومت کی مشغولیت کی وجہ سے نماز چھوڑی تو اس کا حشر فرعون کے ساتھ ہوگا، اگر وزارت کی مشغولیت کی وجہ سے نماز چھوڑی تو اس کا حشر ہامان کے ساتھ ہوگااور اگر تجارت میں مشغول ہو کر نماز چھوڑ تا ہے تو اس کو ابی بن خلف کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔( کتاب الکبائر، صفحہ 37)

2۔اللہ کی ناراضگی کا سبب

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:" جو نماز پڑھے اللہ کریم اس سے اس حال میں ملاقات کرے گا کہ وہ اس پر ناراض ہوگا۔۔( مجمع الزوائد جلد 1، صفحہ 295 )

3۔چہروں کا سیاہ ہونا: ایک روایت میں ہے کہ نماز نہ پڑھنے والوں کے سب سے پہلے چہرے سیاہ ہوں گے ۔ (بے نمازی کا انجام، ص12)

بے نمازی کو جہنم میں سزا : جہنم میں ایک وادی ہے ،اس میں سانپ ہے اور ہر سانپ اونٹ کی گردن کی طرح ہے اس کی لمبائی ایک مہینے کی مسافت جیسی ہے نماز نہ پڑھنے والوں کو ڈسے گااس کا زہر اس شخص کے جسم میں 70 سال تک کھولتا رہے گا پھر اس کا رنگ زرد ہو جائے گا۔

بے نمازی کا قیامت کے دن حال :ایک روایت میں ہے کہ بے نمازی قیامت کے دن آئیں گےان کے چہروں پر تین سطروں میں لکھا ہوا ہوگا پہلی سطر میں ہو گا کہ اے اللہ کے حق کو ضائع کرنے والے دوسری سطر میں ہو گا کہ اے غضب خداوندی کے ساتھ مخصوص شخص ،تیسری سطر میں ہوگا کہ جس طرح تم نے دنیا میں اللہ کے حق کو ضائع کیا آج تو رحمت خداوندی سے مایوس ہوگا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دیوانو ! نماز نہ پڑھنے والوں کی سزاؤں کو سن کر خود کو ڈرائیے اگر ہم ان سب سزاوں سے بچنا چاہتے ہیں تو ہمیں دنیا میں نماز پڑھنی ہوگی یہ نماز ہی ہمارے لئے نور و سرور ہوگی اور دشمنوں کے ساتھ حشر ہونے سے بچائے گی۔