اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:" نمازِ پنجگانہ( یعنی پانچ وقت کی نمازیں) اللہ پاک کی وہ نعمتِ عظمی ہے کہ اس نے اپنے کرمِ عظیم سے خاص ہم کو عطا فرمائیں، ہم سے پہلے کسی امت کو نہ ملی، جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ نماز ہر مسلمان، عاقل وبالغ پر دن میں پانچ نمازیں فرض ہیں اور اس کی فرضیت کا انکار کفر ہے، اسی طرح جو جان بوجھ کر نماز ترک کرے گا وہ عذاب نار کا حقدار ہوگا، قیامت کے دن بھی سب سے پہلے نماز کا سوال ہوگا، اللہ پاک نے قرآن مجید میں جگہ جگہ نماز کا حکم ارشاد فرمایا ہے:سورة طہٰ ،آیت نمبر14 میں ارشاد ہوتا ہے:ترجمہ :"اور میری یاد کے لئے نماز قائم رکھ"

لہذا ہم سب کو چاہیے کہ ہم اللہ پاک کے اس حکم کی تکمیل کریں اور نماز پڑھیں، لیکن جو نماز نہیں پڑھتا اس کے لیے سخت سزائیں ہیں، حدیث پاک میں ہے:" جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام جہنم کے اُس دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہوگا۔"

ہمیں اس حدیث سے ڈر جانا چاہیے کہ یہاں تو صرف ایک نماز چھوڑنے کی سزا ہے، مگر ہم تو کئیں کئیں نمازیں ترک کر دیتے ہیں، بے نمازی کی پانچ سزائیں یہ ہیں، جو دنیا میں ملیں گی:

(1) اس کی عمر سے برکت ختم کر دی جائے گی۔

(2) اس کے چہرے سے نیک بندوں کی نشانی مٹا دی جائے گی۔

(3) اللہ پاک اسے کسی عمل پر ثواب نہ دے گا۔

(4) اس کی کوئی دعا آسمان تک نہ پہنچے گی۔

(5) نیک بندوں کی دعاؤں میں اس کا کوئی حصہ نہ ہوگا۔

ذرا غور توکریں کتنی سخت ترین سزائیں ہیں، آج کے دور میں ہر انسان یہ کہتا ہوا نظر آتا ہے کہ بہت پریشانیاں ہیں، گھر کے اخراجات پورے نہیں ہوتے، طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہیں، تو جب ایسے افرادسے پوچھا جائے کہ بھائی نماز پڑھتے ہو؟ تو جواب ملے گا کہ نہیں، تو بس یہ سب پریشانیاں سب دکھ اسی لئے ہیں، ہمیں ڈر جانا چاہیے اور کوئی بھی نماز نہیں چھوڑنی چاہیے، ہم سب تو عاشقِ رسول ہیں نا! تو پھر جس سے محبت ہو اس کی ہر ادا کو ادا کیا جاتا ہے، نماز بھی تو ہمارے پیارے آقا صلی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، ، نماز تو ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، بس آج سے نیت فرمالیں ہماری کوئی بھی نماز قضا نہیں ہوگی۔ ان شاء اللہ