اللہ پاک نے ہمیں اسلام کی نعمت عطا کی ہے، اسلام نے ہم پر کچھ کام فرض کیے ہیں جن کا کرنا ضروری ہے، جس کے کرنے پر ثواب اور نہ کرنے پر پر گناہ و عذاب ہےجیسے "نماز" ، آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:"نماز جنت کی کنجی(key) ہے۔"

نما ز نہ پڑھنے کی کئی وعیدیں ہیں،آئیے نماز نہ پڑھنے کی پانچ سزائیں سنتے ہیں۔

(1)نماز نہ پڑھنے والا ذلیل ہو کر مرے گا۔

(2) نماز نہ پڑھنے والے کی قبر کو اتنا تنگ کردیا جائے گا کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے میں داخل ہو جائیں گی۔

(3) نماز نہ پڑھنے والے کی قبر میں آگ بھڑکا دی جائے گی پھر وہ دن رات اَنگاروں پر اُلٹ پلٹ ہوتا رہے گا۔

(4) قبرمیں اُس پر ایک اژدھا(یعنی بہت بڑا سانپ) مسلطّ کر دیا جائے گا ، اُس کی آنکھیں آگ کی سی ہوں گی، ناخن لوہے کے ہوں گے، ہر ناخن کی لمبائی ایک دن کی مسافت تک کی ہوگی، وہ میّت سے کلام کرتے ہوئے کہے گا،" میں "الشجاع الاقرع"یعنی گنجا سانپ ہوں " مجھے میرے ربّ نے حکم دیا ہے کہ نمازِ فجر ضائع کرنے پر سورج نکلنے(طلوعِ آفتاب) تک مارتا رہوں اور نمازِ ظہر ضائع کرنے پر عصر تک مارتا رہوں، اور نمازِ عصر ضائع کرنے پر نمازِ مغرب تک مارتا رہوں، اور نمازِ مغرب ضائع کرنے پر نماز عشاء تک مارتا رہوں اور نماز عشاء ضائع کرنے پر نماز فجر تک مارتا رہوں، جب بھی وہ مُردے کو مارے گا تو وہ 70 ہاتھ تک زمین میں دھنس دیا جائے گااور تارکِ نماز یعنی نماز چھوڑنے والا قیامت تک اسی عذاب میں مبتلا رہے گا۔

(5) نماز نہ پڑھنے والا قیامت میں حساب میں سختی، ربِّ کی ناراضی اورجہنم میں داخل ہو گا۔

( فیضان نماز 426، 427)

آہ!افسوس نہ جانے ہم نےکتنی نمازیں ضائع کردیں، خدا کی قسم ہم یہ سزائیں بالکل بھی برداشت نہیں کر سکتے، ہم سے تو مچھر کا ڈنگ نہیں برداشت ہوتا، مرتے وقت، قبر میں، محشر میں کیسے عذابات برداشت کریں گے، آج سے ہی بلکہ ابھی سے ہی نماز پڑھنا شروع کر دیجیے اور جو نمازیں قضا ہوئیں تو ان کی قضاء عمری ادا کرنے کی نیت فرما لیجیے، امیر اہلسنت کی کتاب "فیضان نماز "اور "نماز کے احکام"کا مطالعہ کیجئے، ان شاء اللہ نماز میں دل لگ جائے گا۔

اللہ کریم ہمیں اپنی رضا کے مطابق نماز پڑھنے کی سعادت نصیب کرےاور ان عذابات سے ہم سب کو محفوظ فرمائے اوربلا حساب جنت الفردوس میں داخلہ ہمارا مقدر بنائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم