الحمد للہ نماز ایک عظیم نعمت ہے۔ جو پابندی سے پڑھے گا وہ جنت کا حق دار ہوگا اور جو فرض نمازیں نہیں پڑھے گا وہ عذاب نار کا حقدار بنے گا ۔آئیے: نماز نہ پڑھنے کی 5 سزائیں پڑھتے ہیں ۔       

٭پارہ 29سورہ مدثر آیت نمبر 42 اور 43میں اللہ پاک فرماتا ہے :تمہیں کیا بات دوزخ میں لے گئی، وہ بولے ہم نماز نہ پڑھتے تھے ۔

٭پارہ 16 سورہ مریم آیت 59 میں اللہ پاک فرماتا ہے: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں "غی" کا جنگل پائیں گے ۔

٭حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمان عالیشان ہے: جس نے جان بوجھ کر نماز چھوڑی اس نے کھلم کھلا کفر کیا ۔(جہنم میں لے جانے والے اعمال ج1 ص429 الحدیث 7)

٭حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے : جو جان بوجھ کر نماز چھوڑے گا اللہ پاک اس کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دے گا جس سے وہ داخل ہوگا۔

(جہنم میں لے جانے والے اعمال ج1 ص431 الحدیث 23)

حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: جس نے نماز چھوڑ دی اس کا کوئی دین نہیں ، نماز دین کا ستون ہے۔ (بہارشریعت ج1 ج3 ص442 الحدیث 42)

٭منقول ہے: بروز قیامت وہ(نماز کے معاملے میں سستی کرنے والا) اس حال میں آئے گا کہ اس کے چہرے پر تین سطریں لکھی ہوں گی : 1۔ اے اللہ کا حق برباد کرنے والے، 2۔ اے اللہ کے غضب کے ساتھ مخصوص، 3۔ جس طرح دنیا میں تو نے اللہ پاک کا حق ضائع کیا اسی طرح آج تو بھی اللہ پاک کی رحمت سے مایوس ہو جا ۔ (فیضان نماز ص428)

٭ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جس نے نماز پر محافظت کی ، قیامت کےدن وہ نماز اس کے لیے نور و برہان و نجات ہو گی اور جس نے محافظت نہ کی اس کے لیے نہ نور ہے نہ برہان نہ نجات اور قیامت کے دن قارون و فرعون وہامان وابی بن خلف کے ساتھ ہوگا ۔ (بہارشریعت ج1 ج3 ص442 الحدیث 44)

٭حضرت ابن عباس رضی اللہ عنھما ارشاد فرماتے ہیں کہ جب میری آنکھوں کی سیاہی باقی رہنے کے باوجود میری بینائی جاتی رہی تو مجھ سے کہا گیا : ہم آپ کا علاج کرتے ہیں، کیا آپ کچھ دن نماز چھوڑ سکتے ہیں؟ میں نے کہا: نہیں ، کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے : جس نے نماز چھوڑی تو وہ اللہ سے اس حال میں ملے گا کہ وہ اس پر غضب فرمائے گا۔

(جہنم میں لے جانے والے اعمال ج1 ص430 الحدیث 18)

اے عاشقان رسول ! خوفِ خدا سے لرز اٹھو اور گھبرا کر جلد اپنے گناہوں سے توبہ کرلو!بیان کی ہوئی روایات میں بے نمازیوں کے لیے درس عبرت ہے ۔

پڑھتے رہو نماز تو جنت کو پاؤ گے

چھوڑو گے گر نماز جہنم میں جاؤ گے