ہر مسلمان مرد و عورت، عاقل و بالغ پر روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے ۔ اس کی فرضیت یعنی فرض ہونے کا انکار کرنا کفر ہے جو جان بوجھ کر ایک نماز ترک کرے گا وہ فاسق گناہگار عذاب نار کا حقدار ہوگا ۔

صد کروڑ افسوس کہ آج کل اکثر مسلمانوں کو نماز کی پرواہ ہی نہیں ہماری مسجدیں نمازیوں سے خالی نظر آتی ہیں ہماری اسلامی بہنوں کے پاس نماز کے لئے وقت نہیں ۔ اللہ کریم نے نماز فرض کرکے یقینا ہم پر احسان عظیم فرمایا ہے ہم تھوڑی سی کوشش کریں نماز پڑھیں تو اللہ کریم ہمیں ڈھیر سارا اجر عظیم عنایت فرماتا ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :

ترجمہ کنزالایمان: اور وہ جو اپنی نمازوں کی نگہبانی کرتے ہیں یہی لوگ وارث ہیں کہ فردوس کی میراث پائیں گے وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے ۔(سورۃ المؤمنون ،آیت: 9،10،11)

اسی طرح جو فرض نمازیں نہیں پڑھے گا عذاب نار کا حقدار بنے گا ارشاد باری تعالیٰ ہے:تَرجَمۂ کنز الایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں(ضائع کیں) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غیّ کا جنگل پائیں گے ۔(مریم: 59)

ہولناک کنواں : حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: جہنم میں ایک وادی ہے اس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے اس میں ایک کنواں ہے جس کا نام ہب ہب ہے جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے اللہ پاک اس کنویں کو کھول دیتا ہے جس سے وہ بدستور بڑھکنے لگتی ہے یہ کنواں بے نمازیوں شرابیوں، سود خوروں، زانیوں اور ماں باپ کو ایذا دینے والوں کے لئے ہے۔ (فیضان نماز، بحوالہ بہار شریعت جلد1)

جہنم کے دروازے پر نام :حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اس کا نام جہنم کے دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہوگا۔

( فیضان نماز )

جہنم کی خوفناک وادی ویل:کتاب الکبائر میں منقول ہے جہنم میں ایک وادی ہے جسں کا نام” ویل “ ہے ۔ اس میں دنیا کے پہاڑ بھی ڈالے جائیں تو وہ بھی اس کی گرمی سے پگھل جائیں یہ ان لوگوں کا ٹھکانہ ہے جو دنیا میں نماز میں سستی کرتے اور وقت گزار کر قضا کر کے پڑھتے ہیں مگر یہ کہ وہ اپنی کوتاہی پر نادم ہوں اور بارگاہ خداوندی میں توبہ کریں۔

اللہ پاک کا غضب :اللہ پاک نے حضرت سیدنا داؤد علیہ السلام کو وحی فرمائی اے داؤد بنی اسرائیل سے کہو کہ جس نے ایک بھی نماز چھوڑی وہ مجھ سے قیامت کے دن اس حال میں ملے گا کہ میں اس پر غضب فرماؤں گا۔( فیضان نماز، بحوالہ بہار شریعت)

خوف ناک سانپ اور خچر نما بچھو :منقول ہے کہ جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام لملم ہے اس میں اونٹ کی گردن کی طرح موٹے موٹے سانپ ہیں ہر سانپ کی لمبائی ایک ماہ کی مسافت کے برابر ہے جب یہ سانپ بے نمازی کو ڈسے گا تو اس کا زہر اس کے جسم میں ستر سال تک جوش مارتا رہے گا اور جہنم میں ایک وادی ہے جس کا نام” جب الحزن “ ہے اس میں کالے خچر کی مانند بچھو ہیں اور ہر بچھو کے ستر ڈنک ہیں ہر ہر ڈنک میں زہر کی تھیلی ہے وہ جب بے نمازی کو ڈنک مارتا ہے تو اس کا زہر سارے جسم میں سرایت کرتا ہے اور زہر کی گرمی ایک ہزار سال تک رہتی ہے اس کے بعد بے نمازی کی ہڈیوں سے گوشت جھڑتا ہے اور اس کی شرمگاہ سے پیپ بہنے لگتی ہے اور تمام جہنمی اس پر لعنت بھیجتے ہیں ۔ (فیضانِ نماز، بحوالہ قرۃالعیون مع الروض الفائق، ص380)

اللہ پاک ہمیں پنجگانہ نماز خشوع و خضوع سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم