ہر مسلمان عاقل و بالغ مرد و عورت پر روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے اس کی فرضیت یعنی فرض ہونے کا انکار کرنا کفر ہے جو جان بوجھ کر ایک نماز ترک کرے گا وہ گنہگار عذاب نار کا حقدار ہوگا۔

والد اعلی حضرت مفتی نقی علی خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :جو کسی سبب یا عذر کے بغیر نماز ترک کرتے ہیں خدا اور رسول سے اصلا نہیں شرماتے قیامت کے دن اگر ایک نماز کے بدلے پوری دنیا دینا چاہیں گے تو قبول نہ ہوگی اور اگر ہزار برس روئیں گے تو بھی نجات نہ ملے گی۔

جہاں نماز نہ پڑھنے کی بے شمار وعیدات ہیں اور آخرت میں بے نمازی کے لئے بہت سخت سزا ئیں احادیث میں بیان کی گئی ہیں نماز نہ پڑھنے کے دنیاوی نقصانات بھی ہیں ۔

اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے جو نماز کی پابندی کرے گا اللہ پاک پانچ باتوں کے ساتھ اس کا اکرام فرمائے گا 1۔اس سے تنگی 2۔قبر کا عذاب دور فرمائے گا3۔ اللہ پاک نامہ اعمال دائیں ہاتھ میں دے گا 4۔پل صراط سے بجلی کی سی تیزی سے گزرے گا اور5۔ بغیر حساب کے جنت میں داخلہ دیا جائے گا ۔

جو سستی کی وجہ سے نماز ترک کر دے گا اللہ پاک اسے پندرہ سزائیں دے گا۔ پانچ دنیا میں، تین موت کے وقت، اور تین قبر میں، تین قبر سے نکلتے وقت۔

دنیا کی پانچ سزائیں :

1۔عمر سے برکت زائل :

اس کی عمر سے برکت زائل کر دی جائے گی ۔

نیک بندوں کی نشانی ختم : اس کے چہرے سے نیک بندوں کی نشانی ختم کر دی جائے گی ۔

عمل کا ثواب نہ ملنا : اللہ کریم اس کے کسی عمل کا ثواب نہ دے گا۔

دعا کا رد ہونا : اس کی کوئی دعا آسمان تک نہ پہنچے گی۔

5۔نیک بندوں کی دعاوں میں حصہ نہ ہونا ۔

فقیہ ابو اللیث سمرقندی کی نقل کردہ روایت میں جو پندرہ سزائیں ذکر ہوئی ہیں ان میں سے ایک سزا یہ بھی ہے کہ مخلوق اس سے نفرت کرے گی۔

اللہ کریم ہمیں پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم