سب خوبیاں اللہ پاک کے لئے جس نے اپنے لطف و کرم سے بندوں کو ڈھانپا ،دین اور احکامِ دین کے انوار سے ان کے دلوں کو آباد فرمایا ،اس کا لطف و کرم کتنا کامل ہے، اس کا احسان کتنا عام ہے درود اور خوب سلام ہو اس کے آخری نبی محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر اور آپ کے آل و اصحاب رضوان اللہ علیہم اجمعین پر جو ہدایت کی کنجیا ں اور تاریکیوں کے چراغ ہیں۔

بے شک نماز دین کا ستون ، یقین کا وسیلہ ، عبادات کی اصل اور طاعات کی چمک ہے۔ جو بے شمار دینی اور دنیاوی فوائد کی حامل ہے۔ جس کے بارے میں اللہ پاک نے قرآن مجید میں فرمایا:اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا(۱۰۳)ترجَمۂ کنزُالایمان: بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔(پ 5،النساء 103)

اللہ پاک نے بندوں پر پانچ نمازیں فرض فرمائی۔ جس نے انہیں ادا کیا اور ان کے حق کو معمولی جانتے ہوئے ان میں سے کسی کو ضائع نہ کیا تو اللہ پاک کے ذِمّے کرم پر اس کے لئے وعدہ ہے کہ وہ اسے جنت میں داخل کر دے اور جس نے انہیں ادا نہ کیا اس کے ذِمّے کرم پر عہد ہیں چاہے اسے عذاب دے، چاہے جنت میں داخل فرمائے۔( سنن ابو داؤد)

اب میں اس نماز کے چند فضائل بیان کرتا ہوں جو سب سے اہم ہے۔جسے ادا کرتے ہی ایک مسلمان اپنے دین کا آغاز کرتا ہے۔ اس لئے کہ اس کا اہتمام نہایت ضروری ہے اور اس کی باجماعت ادائیگی ایک مسلمان کی صداقت اور اس کا ایمان پرکھنے کی کسوٹی ہے میری مراد وہ فجر کی نماز ہے۔

(1) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :فجر کی دونوں رکعتوں کو لازم کر لو کہ ان میں بڑی فضیلت ہے ۔(طبرانی)

(2) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو صبح کی نماز پڑھتا ہے وہ شام تک اللہ پاک کے ذِمّے میں ہے۔(معجم کبیر)

(3) حضرت سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جو صبح کی نماز کو گیا ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو صبح بازار کو گیا ابلیس ( شیطان) کے جھنڈے کے ساتھ گیا۔(ابن ماجہ)

(4) حضرت سیدنا ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جمعہ کے دن پڑھی جانے والی فجر کی نماز باجماعت سے افضل کوئی نماز نہیں ہے میرا گمان ہے کہ تم میں سے جو اس میں شریک ہو گا اس کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔( معجم کبیر)

(5) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہا سے بہتر ہیں۔( مسلم، ترمذی)

اللہ پاک سے دعا ہیں کہ ہمیں پابندی کے ساتھ نماز پنج گانہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین