نمازِ فجر پر 5 فرامینِ مصطفٰے صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ
وسلم از بنتِ رضوان عطاریہ،کراچی
1۔حضرت عبدُاللہ بن عمر رَضِیَ
اللہُ عنہما
سے روایت ہے،اللہ پاک کے آخری نبی،محمدِ عربی صلی
اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم ارشاد فرماتے ہیں:جو صبح کی نماز
پڑھتا ہے،وہ شام تک اللہ پاک کے ذمہ میں ہے۔(معجم
کبیر،12/240،حدیث:13210)ایک دوسری روایت میں ہے:اللہ پاک کا
ذمہ نہ توڑو،جو اللہ پاک کا ذمہ توڑے گا اللہ پاک اسے اوندھا کرکے دوزخ میں ڈال دے گا۔(مجمع الزوائد،ص
27،حدیث: 1640)(بہارِ شریعت،حصہ:1،3/440)2۔حضور پُر
نور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم
نے ارشاد فرمایا:’’باجماعت نماز کو تمہارے تنہا کی نماز پر 25 درجے فضیلت حاصل ہے
اور فجر کی نماز میں رات اور دن کے فرشتے جمع ہوتے ہیں۔‘‘ پھر حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ
اللہُ عنہ
نے فرمایا:’’ اگر تم چاہو تو یہ پڑھ لو:’’اِنَّ قُرْاٰنَ الْفَجْرِ
كَانَ مَشْهُوْدًا ‘‘ترجمۂ ٔ
کنزُالعِرفان:بیشک صبح کے قرآن میں فرشتے
حاضر ہوتے ہیں۔(بخاری،1
/ 233،حدیث: 648-نسائی،ص 87،حدیث:485)(تفسیر صراط الجنان،بنی اسرائیل،تحت الآیۃ:78)3۔حضرت
ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ
سے روایت ہے،خاتم النبیین صلی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جب تم میں سے کوئی سوتا ہے تو
شیطان اس کی گدی(یعنی گردن کے پچھلے حصے)میں تین گرہیں(یعنی
تین گانٹھیں)
لگا دیتا ہے،ہر گرہ (یعنی گانٹھ) پر یہ بات دل
میں بٹھاتا ہے کہ ابھی رات بہت ہے،سوجا،پس اگر وہ جاگ کر اللہ پاک کا ذکر کرے تو
ایک گرہ (یعنی
گانٹھ)
کھل جاتی ہے،اگر وضو کرے تو دوسری گرہ کھل جاتی ہے اور نماز پڑھے تو تیسری گرہ بھی
کھل جاتی ہے۔پھر وہ خوش خوش اور تروتازہ ہوکر صبح کرتا ہے ورنہ غمگین دل اور سستی
کے ساتھ صبح کرتا ہے۔(بخاری،1/ 387،حدیث:1142)(فیضانِ نماز،ص89)4۔حضرت
عبدُاللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ عنہ
بیان کرتے ہیں:بارگاہِ رسالت میں ایک شخص کے بارے میں ذکر کیا گیا کہ وہ صبح تک
سوتا رہا اور نماز کیلئے نہ اُٹھا تو آپ نے ارشاد فرمایا:اس شخص کے کان میں شیطان
نے پیشاب کردیا ہے۔(بخاری،1/ 388،حدیث:1144)(فیضانِ نماز،ص90)5۔طبرانی
نے حضرت عبدُ اللہ بن مسعود رَضِیَ
اللہُ عنہ
سے روایت کی،حضور (صلی اللہُ
علیہ واٰلہٖ وسلم) فرماتے ہیں:سب نمازوں میں زیادہ گراں
منافقین پر نمازِ عشا و فجر ہے اور جو ان میں فضیلت ہے،اگر جانتے تو ضرور حاضر
ہوتے اگرچہ سرین کے بل گھسٹتے ہوئے۔(معجم کبیر،10/ 99،حدیث:10082)یعنی
جیسے بھی ممکن ہوتا۔(بہار ِشریعت،حصہ:3،1/441)اللہ کریم
ہمیں نمازِ فجر سمیت پانچوں نمازیں پابندیِ وقت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا
فرمائے۔اٰمین بجاہِ خاتم النبیین صلی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلم