اللہ پاک کی رِضا اور اس کا قُرب پانے کا ایک ذریعہ نفل روزے رکھنا بھی ہے،اسی لئے فرض روزوں کے ساتھ ساتھ نفل روزے رکھنے کی بھی عادت ہونی چاہئے،  اس کا ثواب بہت زیادہ ہے، اتنا زیادہ کہ سُن کر مُنہ میں پانی آ جاتا ہے اور یہ سعادت صرف خوش نصیبوں کو ہی ملتی ہے، نیز اس سے رمضان کی یاد بھی تازہ ہوتی ہے۔آئیے!نفل روزے رکھنے کا شوق پیدا کرنے کے لئے اس کے فضائل سنتی ہیں :

8فرامینِ مصطفے صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم :

1۔جس نے ایک نفل روزہ رکھا، اس کے لئے جنت میں ایک درخت لگایا جائے گا، جس کا پھل انار سے چھوٹا اور سیب سے بڑا ہوگا، وہ شہد جیسا میٹھا اور خوش ذائقہ ہوگا،اللہ پاک بروزِ قیامت روزہ دار کو اسی درخت کا پھل کھلائے گا۔( فیضانِ رمضان، ص 327بحوالہ معجم کبیر، 18/366، حدیث:935)

2۔جس نے ثواب کی امید رکھتے ہوئے ہوئے ایک دن روزہ رکھا،اللہ پاک اسے دوزخ سے چالیس سال (کی مسافت کے برابر) دور فرما دے گا۔(فیضانِ رمضان، ص327بحوالہ جمع الجوامع، 7/190، حدیث:22251)

3۔اگر کسی نے ایک دن نفل روزہ رکھا اور زمین بھر سونا اسے دیا جائے، جب بھی اس کا ثواب پورا نہ ہوگا، اس کا ثواب تو قیامت ہی کے دن ملے گا۔(فیضانِ رمضان، ص 328بحوالہ مسند ابی یعلی، 5/353، حدیث: 6104)

4۔جس کے ایک دن کا روزہ اللہ پاک کی رِضا حاصل کرنے کے لئے رکھا،اللہ پاک اسے جہنم سے اتنا دور کر دے گا جتنا ایک کوّا جو اپنے بچپن سے اُڑنا شروع کرے،یہاں تک کہ بوڑھا ہو کر مر جائے۔(فیضانِ رمضان، ص 328بحوالہ مسند ابی یعلی، 1/ 383، حدیث: 917)

صُوْمُوا تَصِحُّوْایعنی روزہ رکھو تندرست ہو جاؤ گے۔(فیضانِ رمضان، ص329بحوالہ معجم اوسط، 6/ 146، حدیث:8312)

6۔جس نے کسی دن اللہ پاک کی رضا کے لئے روزہ رکھا، اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ داخلِ جنت ہوگا۔(فیضانِ رمضان، ص329بحوالہ مسند احمد،9/90، حدیث: 23384)

7۔ جو روزے کی حالت میں مرا، اللہ پاک قیامت تک کے لئے اس کے حساب میں روزے لکھ دے گا۔(فیضان ِرمضان، ص330بحوالہ مسند الفردوس ،3/ 504، حدیث: 5557)

8۔روزے کو خود پر لازم کر لو، کیونکہ اس کی مثل کوئی عمل نہیں۔(فیضانِ رمضان،ص328بحوالہ صحیح ابن حبان، 5/ 179، حدیث:3416)

سبحن اللہ!کتنے فضائل ہیں نفل روزہ رکھنے کے! ہمیں بھی ان فضائل کو پانے کے لئے ہر پیر شریف کا روزہ رکھنا چاہئے،امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ بھی اس کی ترغیب دیتے ہیں اور اسلامی بہنوں کے لئے 63 نیک اعمال میں سے نیک عمل نمبر 50 ہے:کیا آپ نے اس ہفتے پیر شریف کا روزہ رکھا؟

اللہ پاک ہمیں اخلاص کے ساتھ فرض عبادات کے ساتھ ساتھ نفل عبادات کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔آمین