پچھلے دعوتِ اسلامی   کے تحت خضدار میں جامعۃ ُالمدینہ بوائز کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر اجتماعِ ذکرونعت کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاح صوبائی نگران حاجی محمد انور عطاری نے کیا ۔

اجتماع ِ پاک میں جامعۃُ المدینہ کے صوبائی ذمہ دار مولانا شہزاد رضا عطاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے نزدیک کامیابی کے الگ الگ پیمانے ہیں ،کوئی علمی شخصیت ہے یا کوئی ٹیچر ہے ،کوئی مذہبی طور پر یا کسی نے کسی شعبہ میں کامیابی حاصل کی ہو تو ہم کہتے ہیں کہ اس نے ایک مقام حاصل کرلیا ہے،ہم ایسے کامیاب لوگوں کو دیکھ کرکوشش کرتے ہیں کہ ہم بھی ان کی طرح کامیاب ہوجائیں ۔

ایک شخص جو یہ چاہتا ہوکہ وہ سوتا رہے ، کام کاج نہ کرے ،تعلیم پر توجہ نہ دے ،موبائل میں وقت ضائع کرنا اس کی زندگی کا سہارا بن جائے، ایسا شخص کامیاب زندگی گزارنے کا خواہش مند ہو تو یاد رکھیں ایسے کامیاب زندگی نہیں ملا کرتی ، کامیابی فضول وقت برباد کرنے سے نہیں ملا کرتی ،وقت برباد کرنے اور محنت نہ کرنے والے لوگ کامیاب زندگی محض خوابوں اور خیالوں میں ہی تلاش کرتے رہتے ہیں ،حقیقت میں انہیں ایسی کامیاب زندگی نہیں ملا کرتی۔

دورانِ بیان انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات یاد رکھیں کوئی بھی شخص کامیابی کی منزل پر محض سوچ کر نہیں پہنچتا بلکہ اگر کامیاب لوگوں کا ماضی دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ ان کی زندگی قربانیوں سے بھری ہے،ان کی زندگی کی ایک اہم بات جو عام طور پر ملتی ہے وہ ان کا وقت ضائع نہ کرنا ہے،کامیابی حاصل کرنے کے لئے ایک عملی کارآمد اور وقت کی پابند زندگی گزارنی پڑتی ہے اور وقت کو سمجھنا پڑتا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ حسنِ اسلام میں ہے کہ بندہ فضول اور بے مقصد کاموں کو چھوڑ دے،وقت کا درست استعمال بہت اہمیت کا حامل ہے،ہر کامیاب شخص اپنے وقت کو درست جگہ استعمال کرتا ہے اور وقت کو برباد نہیں کرتا ،لہٰذابامقصد کامیاب زندگی گزارنے کے لئے اپنے کاموں کو مرتب کریں ،شیڈول کے مطابق کام انجام دیں ،کس وقت کیا کرنا ہے یہ پہلے سے طے کریں۔رپورٹ: محمد وقار عطاری کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ: رمضان رضا)