حضرتِ عیسی روح الله علیٰ نبینا و علیہ الصلوۃ والسلام الله تعالیٰ کے مقبول بندے ، برگزیدہ نبی اور اولوالعزم یعنی عزت و ہمت والے رسول ہیں۔ آپ علیہ السلام کو بنی اسرائیل کی طرف نبی بنا کر بھیجا گیا۔ آپ علیہ السلام نے لوگوں کو نیکی کی دعوت دی اور برائی سے منع فرمایا اور وعظ و نصیحتیں ارشاد فرمائیں۔

نصیحت کا عام معنیٰ "خیر خوائی" ہے خواہ قول کی صورت میں ہو یا عمل کی صورت میں۔ وعظ اسی قولی نصیحت کی ایک قسم ہے جس سے مراد وہ چیز ہے جو انسان کو پسندیدہ چیز کی طرف بلائے اور خطرے سے بچائے ، دل میں نرمی پیدا کرے ، اچھے عمل کی طرف راغب کرے اور برے عمل کے انجام سے ڈرائے۔ (امیرِ اہلِ سنت کی 786 نصیحتیں ، ص 5)

حضرت عیسیٰ علیہ الصلوۃ والسلام کی قرآنی نصیحتیں: نصیحت کرنا سنتِ انبیاء کرام علیھم السلام ہے۔ حضرت عیسی علیہ السلام نے اپنی قوم کو نصیحتیں ارشاد فرمائیں انھیں قرآنِِ مجید میں الله تبارک وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے۔

1: الله تعالیٰ کی عبادت کرو۔ حضرت عیسی علیہ السلام نے اپنی قوم کو الله کی عبادت کرنے کی نصیحت ارشاد فرمائی۔ چنانچہ قرآنِ مجید نے اسے یوں بیان کیا ہے: اِنَّ اللّٰهَ رَبِّیْ وَ رَبُّكُمْ فَاعْبُدُوْهُؕ-هٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِیْمٌ ترجمۂ کنز الایمان: بیشک میرا تمہارا سب کا رب اللہ ہے تو اسی کو پوجو،یہ ہے سیدھا راستہ۔ ( سورہ آل عمران ، آیت نمبر 51)

2: قوم کا اختلاف ختم کرتے ہوئے نصیحت۔ قوم میں موجود اختلاف کو ختم کرتے ہوئے آپ نے نصیحت ارشاد فرمائی:

لَمَّا جَآءَ عِیْسٰى بِالْبَیِّنٰتِ قَالَ قَدْ جِئْتُكُمْ بِالْحِكْمَةِ وَ لِاُبَیِّنَ لَكُمْ بَعْضَ الَّذِیْ تَخْتَلِفُوْنَ فِیْهِۚ ترجمہ کنزالایمان: اور جب عیسیٰ روشن نشانیاں لایا اس نے فرمایا میں تمہارے پاس حکمت لے کر آیا اور اس لیے میں تم سے بیان کردوں بعض وہ باتیں جن میں تم اختلاف رکھتے ہو ( پارہ 25 ، سورہ الزخرف ، آیت نمبر 63)

3،4: الله عزوجل سے ڈرو اور میری اطاعت کرو۔ حضرت عیسی علیہ السلام نے الله پاک سے ڈرنے اور اپنی اطاعت کرنے کی نصیحت ارشاد فرمائی: فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْن ترجمہ کنزالایمان: تو اللہ سے ڈرو اور میرا حکم مانو (سورہ آل عمران ، آیت نمبر 50)

غافلین کو تنبیہات کی ضرورت ہوتی ہے۔ نصیحت غافل دلوں کو جلا بخشتی ہے۔ الله ہمیں بھی محبوبِ کائنات کے صدقے وعظ و نصیحت پر عمل کرنے اور دوسروں کو اپنے مرتبے اور اس کے رتبے کو پہچانتے ہوئے نصیحت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔