جھوٹی گواہی یہ ہے کہ کوئی اس بات کی گواہی دے جس کا اس کے پاس ثبوت نہ ہو۔ قرآن پاک میں ارشاد ہوتا ہے: فَاجْتَنِبُوا الرِّجْسَ مِنَ الْاَوْثَانِ وَ اجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِۙ(۳۰) ترجمہ کنز الایمان: تو دور رہو بتوں کی گندگی سے اور بچو چھوئی بات سے۔(حج: 30)

ارشاد فرمایا کہ پس تم بتوں کی گندگی سے دور رہو جن کی پوجا کرنا بد ترین گندگی سے آلودہ ہونا ہے اور جھوٹی بات سے اجتناب کرو یہاں جھوٹی بات سے کیا مراد ہے اس کے متعلق ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد جھوٹی گواہی دینا ہے (صراط الجنان، 6/643)جھوٹی گواہی دینے کی کثیر احادیث میں بھی شدید مذمت بیان کی گئی ہے ان میں سے چند احادیث ملاحظہ ہوں:

جھوٹی گواہی دینا گناہ کبیرہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: کبیرہ گناہ یہ ہیں:اللہ پاک کے ساتھ شریک کرنا، ماں باپ کی نافرمانی کرنا، کسی کو نا حق قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا۔ (بخاری، کتاب الدیات، باب قولہ تعالٰی: ومن احیاھا، حدیث: 16871)

جھوٹے گواہ کے لئے جہنم واجب: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں گے کہ اللہ تعالیٰ اس کے لئے جہنم واجب کر دے گا۔ (ابن ماجہ، الحدیث: 2373)

ساتھ چلنے والا جھوٹے گواہ کے حکم میں: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے سرکار دو عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو شخص لوگوں کے ساتھ یہ ظاہر کرتے ہوئے چلا کہ یہ بھی گواہ ہے حالانکہ یہ گواہ نہیں وہ بھی جھوٹے گواہ کے حکم میں ہے اور جو بغیر جانے ہوئے کسی کے مقدمے کی پیروی کرے وہ اللہ تعالیٰ کی نا خوشی میں ہے جب تک اس سے جدا نہ ہو جائے۔(سنن الکبریٰ للبیہقی: 11444)

اپنے اوپر جہنم واجب کرلیا: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے حضور پر نور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے ایسی گواہی دی جس سے کسی مسلمان مرد کا مال ہلاک ہو جائے یا کسی کا خون بہایا جائے اس نے (اپنے اوپر)جہنم (کا عذاب)واجب کرلیا۔ (معجم الکبیر:1154)

جھوٹا گواہ جہنمی ہے: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان عبرت نشان ہے: جس نے کسی مسلمان کے خلاف ایسی گواہی دی جس کا وہ اہل نہیں تھا تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنالے۔ (مسند امام احمد بن حنبل، ج1،ص 585،الحدیث 10422)

الله پاک ہم سب کو جھوٹی گواہی دینے سے بچائے سچی اور درست گواہی دینے اور سیدھے رستے پر چلنے کی توفیق سعید عطا فرمائے، اٰمین