ہم ہر سال14اگست پر اپنے وطن پاکستان کایوم آزادی مناتے ہیں ۔احکام اسلام پر آزادی سے عمل کرنے کے لئے ہمیں جو یہ ملک ملا،ہمیں دل سے اس کی قدر کرنی چاہیے،آزادی کے ساتھ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہوسکیں۔اس کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کے بلند و بالا پہاڑ، ہرے بھرے کھیت،باغات، گہرے سمندر اوردریا سمیت بہت سی نعمتیں آزادی کی برکتیں ہیں ۔ ہمیں چاہیے کہ ایک ہوکر محنت، دیانت داری اور لگن سے کام کریں تاکہ پاکستان کا مستقبل شاندار ہوسکے۔

76 ویں جشن آزادی کے موقع پر فیضان اسلامک اسکول سسٹم (پاکستان )کے پنجاب ،سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان ریجن کے کیمپسز میں یوم آزادی کی تقریبات پورے جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر کیمپسز کو پاکستانی جھنڈوں ،سبز اور ہرے رنگوں سے مزین غباروں سے سجایا گیا تھا۔ کیمپسز میں یوم آزادی اور امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے حب الوطنی پر مبنی فرامین کےچارٹس بھی لگائے گئے تھے۔

ان تقریبات کا آغاز تلاوت ِقرآن پاک سے ہوا ۔بعدازاں طلبہ وطالبات نے حمد باری تعالیٰ اور نعت ِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیں، یوم آزادی کی مناسبت سے تقاریر کیں ، ننھے منے بچوں نے پاکستان کے ملی نغمے خاص کر یوم آزادی کی مناسب سے پڑھے نیز ایک آواز میں قومی ترانہ بھی پڑھا ۔

اساتذہ ٔ کرام نے طلبہ کی تربیت کرتے ہوئے انہیں قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا اور یوم ِآزادی کو اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی ترغیب دلائی۔ ان تقریبات میں ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دُعائیں بھی مانگی گئیں۔ (رپورٹ: غلام محی الدین ترک ، کانٹینٹ :رمضان رضا عطاری)