سنتوں کی ترویج و اشاعت میں مصروفِ عمل ”دعوتِ اسلامی“ کا سرزمینِ انگلینڈ پر تاریخی و سنہرا اقدام

دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ناٹنگھم سٹی نیورک شو گراؤنڈ (Nottingham City Newark Showground)میں 18 تا 20 ستمبر 2026ء تین دن کے عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

تین دن کے اجتماع میں مختلف شہروں سے عاشقانِ رسول کی اجتماع گاہ آمد ہوئی جبکہ کینیڈا، آسٹریلیا، ساؤتھ افریقہ،دیگر افریقی و ایشیائی اور یورپی ممالک سے عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔شرکا میں مختلف شعبہ جات کے پروفیشنلز، ائمہ و علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، نگران ملاوی مولانا عثمان عطاری مدنی اور نگران FGRFیوکے و یورپ حاجی سید فضیل رضاعطاری سمیت مختلف ممالک کے ذمہ داران دعوتِ اسلامی، اراکین شوریٰ حاجی رفیع عطاری، حاجی سید عارف عطاری، حاجی خالد عطاری، مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری اور عبد الوہاب عطاری بھی موجود تھے۔

عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔اس کے بعد نعت خواں اسلامی بھائیوں نے کلام پڑھا، تلاوت و نعت کے بعد مبلغین دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرے بیانات کرتے ہوئے شرکا کونیکی کی دعوت دیتے ہوئے ان کی دینی و معاشرتی اصلاح کی۔

نماز مغرب سے قبل نگرانِ شوریٰ نے نیکی کی دعوت دیتے ہوئے جمعہ کے دن کی فضیلت بیان کی،غروب آفتاب سے قبل جمعۃالمبارک کے آخری لمحات میں قبولیت دعا کی برکات پانے کے لئے عاشقان رسول نے نگران شوریٰ کے ہمراہ رب کریم کی بارگاہ میں دعامانگنے کی سعادت پائی۔

اجتماع کے دوسرے دن نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کا سنتوں بھرا بیان ہوا۔ نگران شوریٰ نے بے حیائی و بے پردگی سمیت دیگر گناہوں سے بچنے اور نیک اعمال کرنے کے ساتھ ساتھ عظمت و شان مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیان کی۔ دوسرے موقع پر رکن شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے ”عظمت و شان مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “ بیان کی۔بعد ازاں رکن شوریٰ حاجی خالد عطاری سمیت وقتاً فوقتاً دیگر مبلغین دعوتِ اسلامی نے بھی بیانات کئے اور شرکا کی دینی و معاشرتی اصلاح کی۔

اجتماع کے آخری دن گریجویشن سیریمنی 2026ء (Graduation Ceremony 2026) کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ تلاوت و نعت سے تقریب کا آغاز ہوا جبکہ رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ حاجی عبد الحبیب عطاری نے درود شریف کی فضیلت اور علم و علما کی شان پر تفصیلی گفتگو کی۔

بیان کے بعدرکن شوریٰ حاجی خالد عطاری نے دعوتِ اسلامی کےمختلف شعبہ جات اور اس کے تحت دنیا بھر میں ہونے والے دینی و فلاحی کاموں پر Video Documentary کے ذریعے بریفنگ دی۔

گریجویشن سریمنی میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی مختصر گفتگو کی جس میں طلبہ کو وعظ و نصیحت کرتے ہوئے انہیں اور ان والدین و سرپرست کو مبارکباد پیش کی۔نگران شوریٰ نے شرکائے اجتماع کو بھی ترغیب دلائی کہ وہ اپنے گھرمیں ایک عالم ضرور بنائیں اور اس کے لئے اپنی اولاد کو جامعۃ المدینہ میں داخلہ کروائیں۔

تمام Activity کے بعد یوکے کی سرزمین پر ہونے والے اجتماع میں خوشی کی وہ گھڑی بھی آئی کہ Online اور Physically حفظ و ناظرہ اور درس نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والوں کو Certificate دیئے گئے اور ان کی دستار بندی کی۔نگران شوریٰ،اراکین شوریٰ اور سینئرز اساتذۂ کرام نے ان کے سروں پر دستار سجاتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔

گریجویشن سیریمنی کے بعد یوکے کی سرزمین پر منعقد ہونے والے عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کی آخری نشست کا سلسلہ ہوا۔ نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن و نعت رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے”موت کی سختی اور سکرات موت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔بیان میں موت کے حوالے سے حدیث پاک اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کے اقوال بیان کئے گئے اور شرکا کو موت سے قبل موت کی تیاری کرنے کا ذہن دیا گیا۔نگرانِ شوریٰ نے شرکائے اجتماع کو اپنے دلوں میں خوفِ خدا پیدا کرنے، نمازوں کی پابندی کرنے، اپنی ظاہری و باطنی اصلاح کرنے اور دعوت اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کی ترغیب دلائی۔

بیان کے بعد تصوّرِ مدینہ کا سلسلہ ہوا، رقت انگیز دعا اور صلوۃ و سلام پر عظیم الشان اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔آخر میں نگران شوریٰ سے اسلامی بھائیوں نے ملاقات بھی کی۔دوران اجتماع ایک خوشی کی خبر بھی سامنے آئی کہ اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر نگران شوریٰ کے ہاتھ ایک غیرمسلم نے اسلام قبول کرلیا، نگران شوریٰ نے غیر مسلم کو کلمہ طیبہ پڑھاکر دائرہ اسلام میں داخل کیا۔


دعوتِ اسلامی کے تنظیمی و تعلیمی امور  کے سلسلے میں 9 ستمبر 2026ء کو ویکٹوریا کی نگران و ذمہ دار اسلامی بہنوں کا ایک اہم مدنی مشورہ منعقد کیا گیا جس میں علاقے میں دینی کاموں کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس مدنی مشورے میں ایسٹ کونسل میں جاری دینی سرگرمیوں اور موصول ہونے والی فیڈ بیک ای میلز کے امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے مختلف مدنی کورسز اور ٹریننگ سیشنز کے انعقاد پر تجاویز پیش کی گئیں۔

مدنی مشورے کے دوران سب کانٹیننٹ نگران کا دورۂ ویکٹوریا کے انتظامات پر بھی مشاورت کی گئی اور آسٹریلیا کے شہر میلبرن سے جاری فقہ کلاسز کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے کا ذہن دیا گیا۔

اختتام پر نگرانِ ویکٹوریا کو تمام دینی و تعلیمی منصوبوں کو احسن طریقے سے سرانجام دینے اور طے شدہ اہداف کو وقت پر پورا کرنے کے حوالے سے ضروری رہنمائی اور نکات بتائے گئے۔


دعوتِ اسلامی کے تنظیمی سیٹ اپ کو آگے بڑھاتے ہوئے 8 ستمبر 2026ء کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بلیک ٹاؤن کونسل کی جملہ ذمہ داران اور سڈنی نگران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔

اس میٹنگ میں ربیع الاول کی اب تک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حال ہی میں منعقد ہونے والی محافلِ نعت کی کارکردگی اور آئندہ کے لیے ٹیلی تھون (Telethon) کے حوالے سے طے شدہ اہداف نیز اب تک کی پیشرفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

میٹنگ کے اختتام پر بلیک ٹاؤن کونسل کی ذمہ داران کو دینی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانے اور ٹیلی تھون کے اہداف کو بحسن و خوبی پورا کرنے کے حوالے سے اہم نکات بتائے گئے۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تنظیمی امور کے حوالے سے 7 ستمبر 2026ء  کو آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کی نگران و ذمہ دار اسلامی بہنوں کے ایک اہم مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا۔

اس مدنی مشورے میں کینبرا ریجن میں ہونے والی دعوتِ اسلامی کی دینی و تنظیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ربیع الاول میں منعقد کی گئی محافلِ نعت کا فالو اپ، ستمبر کے مہینے میں آنے والے بڑے دینی اجتماع کے انتظامات اور ٹیلی تھون (Telethon) میں اب تک کی کارکردگی و اہداف پر گفتگو کی گئی۔

مدنی مشورے کے اختتام پر کینبرا ریجن میں دینی کاموں میں مزید تیز رفتاری لانے اور تمام امور کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کے حوالے سے نگران اسلامی بہنوں کو ضروری نکات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔


دعوتِ اسلامی کے انتظامی امور کے سلسلے  میں 3 ستمبر 2026ء کو اسٹیٹ نگران اسلامی بہنوں کے ایک اہم مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا جس میں تنظیمی و انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مدنی مشورے کے دوران ربیع الاول کے موقع پر کی جانے والی تزئین و آرائش، سجاوٹ اور مختلف مدنی پھولوں پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ ”انٹرنیشنل افیئرز“ اور ”آسٹریلیا ریجن“ کی انتظامی و دینی ایکٹیویٹیز کے حوالے سے پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں رسالہ کارکردگی، سافٹ ویئر لنک انٹری اور دیگر 8 دینی کاموں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجتماع میں موجود ذمہ داران کو آئندہ کے اہداف دیئے گئے اور دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کے لیے اہم نکات پر مشاورت کی گئی۔


دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج للبنات کے زیرِ اہتمام حال ہی میں بنگلہ دیش، برطانیہ (UK) اور کینیا میں خصوصی طور پر اسلامی بہنوں کے لیے”دعائے شفاء اجتماعات“ کا انعقاد کیا گیا۔ ان اجتماعات میں اسلامی بہنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجتماعات کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد مبلغاتِ دعوتِ اسلامی نے ”مصیبت اور بیماری پر صبر کی فضیلت“ کے موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات کیے۔نیز بیانات کے اختتام پر اسلامی بہنوں نے نمازِ حاجات ادا کی اور بارگاہِ الٰہی میں عاجزی و انکساری کے ساتھ صحت و شفاء کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

اجتماع کی ایک نمایاں خصوصیت ”روحانی علاج کا بستہ (اسٹال)“ تھا جہاں دعا و صلوٰۃ و سلام کے بعد شعبہ روحانی علاج للبنات سے اجازت یافتہ اسلامی بہنوں نے روحانی علاج کے بستے لگا کر بیماریوں، مشکلات اور پریشانیوں میں مبتلا اسلامی بہنوں کو مفت تعویذات دینے کے ساتھ ساتھ انہیں اوراد و وظائف بتائے ۔

برطانیہ، بنگلہ دیش اور کینیا میں ان اجتماعات میں شریک اسلامی بہنوں نے دعوتِ اسلامی کی اس کاوش کو سراہا اور مفت روحانی علاج کی سہولت فراہم کرنے پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔


دینِ اسلام کی عالمگیر تحریک ”دعوتِ اسلامی“ کی دنیا بھر میں پیغامِ حق کو عام کرنے کی کاوشیں تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں تبلیغِ دین اور نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران و مبلغین مختلف ممالک اور شہروں کا تبلیغی سفر کر رہے ہیں جن کی انفرادی کوششوں سے سینکڑوں غیر مسلم اسلام کی آغوش میں آ رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نگرانِ ملاوی، مولانا حاجی محمد عثمان عطاری مدنی، دیگر اراکین اور ذمہ داران افریقی ممالک کے ساتھ ساتھ UK، فلپائن اور کمبوڈیا کے اہم دورے پر ہیں۔ اس سفر کے دوران وہ مختلف دور دراز دیہاتوں اور شہروں کا دورہ کر کے لوگوں کو نیکی کی دعوت پیش کر رہے ہیں۔ دعوتِ اسلامی کے مبلغین کی اس پُرخلوص کاوش اور انفرادی کوشش کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں غیر مسلم کلمۂ طیبہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں۔ نو مسلموں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات، نماز، اور دینی احکامات کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مقامی سطح پر مساجد اور مدارس کے قیام کا کام بھی جاری ہے۔ تفصیلات ملاحظہ کیجئے:

٭26 جولائی2026ء: Sofala Province, Mozambique میں (07) ٭26 جولائی 2026ء: Chigumula, Blantyre, Malawi میں (50) ٭27 جولائی 2026: Pretoria South Africa میں (01) ٭02 اگست 2026ء: Mzuzu, Malawi میں (04) ٭02 اگست 2026ء: Ndunde Village, Chiradzulu, Malawi میں (11) ٭04 اگست 2026ء: Lusaka, Zambiaمیں (01) ٭09 اگست 2026ء: Zomba, Malawi میں (34) ٭10 اگست 2026ء: Cruzamento de tete Mozambiqueمیں (02) ٭13 اگست 2026ء: Scotland میں (01) ٭14 اگست 2026ء: Rochdale, UK میں (01) ٭16 اگست 2026: Mauritius میں (01) ٭16 اگست 2026ء: Chimoio, Mozambique میں (02) ٭ 16 اگست2026ء: Machinjiri, Blantyre, Malawi میں (10) ٭17 اگست 2026ء: Chimoio, Manica Province میں (08) ٭17 اگست 2026ء: Hammanskraal, Pretoria میں (04) ٭18 اگست 2026ء: Sandton, South Africa میں (02) ٭19 اگست2026ء: Philippines میں (02) ٭23 اگست 2026ء: Chimenya Village, Mbulumbuzi, Malawi میں (53) ٭28 اگست 2026ء: Pampanga, Philippines میں (01) ٭30 اگست 2026ء : Blantyre, Malawi میں (04) ٭06 ستمبر2026ء: Chalamanda Village, Chiladzulu, Malawi میں (34)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آج  29 اگست 2026ء بروز ہفتہ” اجتماعِ میلاد “ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ عظیم الشان اجتماع دیناج پور انسٹیٹیوٹ گراؤنڈ، صدر، دیناج پور بنگلہ دیش میں منعقد ہوگا۔

اس اجتماع کا باقاعدہ آغاز شام 7:00 بجے ہوگا جبکہ خلیفۂ امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی کا خصوصی بیان (Speech) رات تقریباً 9:00 بجے شروع ہوگا۔

براہِ راست (Live) نشریات:

یہ پروگرام مدنی چینل بنگلہ (MADANI CHANNEL BANGLA LIVE HD) پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خلیفۂ امیرِ اہلسنت کے فیس بک پیج (MAULANA UBAID RAZA) اور یوٹیوب چینل (MAULANA UBAID RAZA ATTARI) پر بھی اسے لائیو دیکھا جا سکے گا۔

بنگلہ دیش کے ڈویژن راجشاہی،ضلع پابرنہ (Pabna) کے علاقے ایشوردی (Ishwardi) میں عظیم الشان” اجتماعِ میلاد “کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی خصوصی بیان فرمائیں گے۔

یہ اجتماع آج 28 اگست 2026ء جمعہ کی شب فتح محمد پور لوکو فٹبال گراؤنڈ (Fateh Muhammadpur Loco Football Ground)، ایشوردی، پابرنہ میں منعقد کیا جائے گا جس میں کثیر اسلامی بھائیوں کی شرکت متوقع ہے۔

معلومات کے مطابق اجتماعِ میلاد کا باقاعدہ آغاز رات 9:30 بجےتلاوتِ قراٰنِ مجید و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوگا جبکہ خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی کا خصوصی بیان رات 10:00 بجے شروع ہوگا۔

قرب و جوار میں رہنے والے تمام عاشقانِ رسول اس اجتماعِ میلاد میں خود بھی شرکت کریں اور دوسروں کو بھی شرکت کرنے کی دعوت دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس اجتماعِ پاک میں شرکت کر سکیں۔ 


27 اگست 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بنگلہ دیش میں پُرخلوص جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا  جس میں عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کی بڑی تعداد اور رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی مبین عطاری نے شرکت کی ۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق پاکستان سے دینی دورے پر بنگلہ دیش آئے ہوئے خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی کی خصوصی طور پر شرکت ہوئی۔

جلوسِ میلاد کے دوران عاشقانِ رسول ہاتھوں میں سبز پرچم لہراتے اور بارگاہِ رسالت میں مدحت کے نذرانے (نعت شریف) پیش کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے۔ اس موقع پر فضا ” مرحبا یا مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کے پرجوش نعروں سے گونج رہی تھی۔

جلوسِ میلاد کے اختتام پر ایک پروقار محفل کا منظر دیکھنے میں آیا جہاں خلیفۂ امیرِ اہلسنت مدظلہ العالی نے تمام شرکا و امتِ مسلمہ کی سلامتی اور اُن کی دینی و دنیوی فلاح کے لیے خصوصی دعا کروائی۔


26 اگست 2026ء کو بنگلہ دیش کے معروف شہر چٹاگانگ میں ایک عظیم الشان میلاد اجتماع کا انعقاد کیا گیا  جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی جن میں علمائے کرام، طلبہ، اسکولز و کالجز کے اسٹوڈنٹس اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل تھیں۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کے بعد رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی مبین عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور حاضرین کو سنتِ نبوی پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دلائی۔

بعد ازاں پاکستان سے خصوصی دورے پر بنگلہ دیش آئے ہوئے خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی نے میلادِ مصطفیٰ کی مناسبت سے سنتوں بھرا بیان کیا۔

خلیفۂ امیرِ اہلسنت مدظلہ العالی نے اپنے بیان میں آمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جڑے ایمان افروز واقعات اور میلاد شریف کی برکات بیان فرما کر حاضرین کے قلوب کو منور کیا۔

اجتماع کے اختتام پر نہایت دلکش منظر دیکھنے میں آیا جب تمام عاشقانِ رسول نے ” مرحبا یا مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کے پرجوش نعروں کی گونج میں صبحِ بہاراں کا جشن منایا اور ایک دوسرے کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔


امریکہ کی ریاست الینوائے کے شہر بلومنگٹن (Bloomington) میں دعوتِ اسلامی USA کے زیرِ اہتمام استقبالِ ربیع الاول اور ولادتِ با سعادت کے سلسلے میں کشتیوں (Boats) پر ایک پروقار اور یادگار جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق اس منفرد اور تاریخی کشتیوں کے جلوسِ میلاد میں مقامی مسلم کمیونٹی، عاشقانِ رسول، بچوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکت کرنے والے عاشقانِ رسول نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کی ولادتِ با سعادت کی خوشی میں ذکر و اذکار، صلوٰۃ و سلام اور نعت خوانی کا اہتمام کیا جس سے پورا ماحول عشقِ رسول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے نعروں سے گونج اٹھا۔

جلوس میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک نے یکساں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اس دن کو ایک یادگار و پرمسرت موقع بنا دیا۔

اس واٹر پروسیشن (Water Procession) کا بنیادی مقصد دیارِ غیر میں بھی آنے والی نسلوں کو سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم سے جوڑنا نیز امن و محبت کا پیغام عام کرنا تھا۔

جلوسِ میلاد کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ بالخصوص امریکہ میں مقیم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔