انڈونیشیا آچے کے متاثرینِ سیلاب کے لئے دعوتِ
اسلامی کا بڑا ریلیف آپریشن
انڈونیشیا
کے مختلف صوبوں میں حالیہ دنوں آنے والے شدید ترین سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی
مچا دی ہے جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانوں کا زیاں ہوا اور سینکڑوں خاندان بے
گھر ہو گئے ہیں۔ اس انسانی المیے کے پیشِ نظر عالمی سطح پر متحرک مذہبی و فلاحی
تنظیم دعوتِ اسلامی کے شعبہ ”فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن“ (FGRF)
نے
متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ خلیفہ امیرِ
اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ
ظِلُّہُ العالی نے انڈونیشیا کے اپنے تنظیمی دورے کے دوران سیلاب
زدہ علاقوں کا خود دورہ کیا اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔
خلیفۂ
امیر اہلسنت نے متاثرین سے ملاقات کے دوران انہیں دلاسہ دیا اور امدادی سامان کی
تقسیم کے عمل میں خود بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کے
مختلف حصوں بالخصوص ”آچے تیمور“ اور ”آچے لوکُب“میں سیلاب کی صورتحال انتہائی تشویشناک
ہے جہاں بہت سے لوگوں کے مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے سیلاب میں
انتقال ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور متاثرین کے لئے صبرِ جمیل
کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دعوتِ اسلامی متاثرین کے ساتھ کھڑی
ہے۔
FGRF
کے تحت انڈونیشیا کے سیلاب زدگان میں نقد رقوم کے ساتھ ساتھ خوراک، پینے کے صاف
پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ خلیفہ امیرِ اہل سنت کے
ہمراہ رکنِ شوریٰ حاجی محمد ایاز عطاری اور انڈونیشیا مشاورت کے نگران حاجی غلام
یٰسین عطاری مدنی اور دیگر ذمہ داران نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی
لوگوں کی ضروریات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متاثرین نے امدادی سرگرمیوں پر
دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انڈونیشیا کے مسلمانوں
کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Dawateislami