27مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ”تکبر“ کے حوالے سے مدنی پھول دیتے ہوئے فرمایا کہ اپنے آپ کو دوسروں سے بَڑھیا (اعلیٰ) اور دوسروں کواپنے آپ سے گھٹیا جانناتکبرہے ،یہ بہت پایا جاتاہے ،بہت خطرہ ہوتاہے کہ استاذشاگردکے بارے میں تکبرمیں مبتلاہوجائے وغیرہ، تکبر،علم،نسب ،عہدےاورطاقت وغیرہ سے پیداہوتاہے ، بندہ اللہ پاک کی بے نیازی سے ڈرے، ذہن بنائے کہ اللہ پاک سب سے بڑاہے،غنی ہے ،بے نیازہے ،بڑائی اللہ کے لائق ہے ،رب کائنات تکبرکرنے والوں کو پسندنہیں فرماتا ،یہ ذہن بھی بنائے کہ دوسرا مجھ سے تقویٰ میں اچھاہے تو تکبرسے بچت ہوگی ۔

سوال : شبِ براءَت کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے ؟

جواب: شبِ براءَت کا معنی ہے چھٹکارا (نجات)پانے کی رات ،یہ شعبان کی 15ویں رات ہے ، حدیثوں میں اس کی اہمیت بیان کی گئی ہے ،نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم اس رات قبرستان تشریف لے گئے تھے ،یہ توبہ کرکے گُناہوں سے چُھٹکارا(نجات)پانے کی رات ہے،اس رات عذابِ قبر،جہنم ،بیماری وغیرہ سے نجات کی دعاکرے ،رات میں عبادت کرے ،اگلے دن روزہ رکھے ،یہ رات قبولیت والی راتوں میں سے ایک ہے،البتہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا:6 آدمیوں کی اس رات بھی بخشش نہیں ہوگی:(1)شراب کا عادی (2)ماں باپ کا نافرمان (3)زِناکا عادی (4)قطعِ تعلق کرنے والا (5)تصویربنانے والااور (6)چغل خور(فضائل الاوقات، 1/130، حدیث 27)

سوال: شبِ براءت میں رسمی معافی مانگنے سے کیامعافی ہوجائے گی؟

جواب: نہیں ،بلکہ دل سے معافی مانگنی ہوگی، البتہ اس موقع پرمیسج(Message) یا واٹس ایپ(Whatsapp) پرمعافی مانگی جاتی ہے ، مَیں اس کی بھی پذیرائی کرتاہوں کہ کسی طرح لوگوں کا معافی مانگنے کا ذہن تو بنا ،بہرحال صرف میسج/واٹس ایپ کرنے سےمعافی ہوجائے ایسانہیں ہے ۔

سوال: کیاکولڈڈرنک اور فاسٹ فوڈ استعمال کرنے سے بچناچاہئے ؟

جواب: جی ہاں! کولڈ ڈرنک اورفاسٹ فوڈ صحت کو نقصان دیتے ہیں ،اس میں طرح طرح کی چکناہٹ اورکیمیکل ڈالے جاتے ہیں ،یہ کھانے سے کولیسٹرول،شوگروغیرہ طرح طرح کی بیماریاں پیداہوتی ہیں ،کہاجاتاہے کہ ایک بوتل میں 7چمچ سفیدشوگر(چینی) ہوتی ہے،اس لیے گھرکی نارمل غذاکھانی چاہئے ۔کھانابھی کم کھائیں ،ماہِ رمضان میں کہتے ہیں ہم کم کھارہے ہیں ،جبکہ عام معمول سےزیادہ کھا رہے ہوتے ہیں ۔احتیاطیں کریں گے تو صحت مندرہیں گے ، پہاڑی نمک(Pink Salt) استعمال کریں،صحت اچھی ہوگی تو عبادت کرسکیں گے ۔

سوال : اچھا سوال کس طرح کیا جائے ؟

جواب: سوال معلومات کی چابی ہے ،اس لیے سوال اچھے اندازمیں ہونا چاہئے،بعض معاملات میں زیادہ سوالات کرنا منع ہے ،مجھے فقہی سوالات(مثلاً نماز،روزے وغیر ہ سے متعلق )بہت اچھے لگتے ہیں،میری زندگی کا ایک حصہ فقہی سوالات کے جوابات لینے(یعنی علمِ دین کے حصول)میں گزراہے۔

سوال: بچے بہت سوال کرتےہیں تو کیا کریں ؟

جواب: سوالات کےجوابات دینے چاہئیں ،بچوں کو جھاڑیں نہیں ،ڈانٹیں نہیں ،غلط جواب نہ دیں ،بعض سوالات کا جواب دینا ان کی عمرکے مطابق مناسب نہیں ہوتا ،ایسی صورت میں ان کے ذہن کو کسی اورطرف پھیر دیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہقبرکی پہلی رات پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفٰی! جو کوئی 36صفحات کا رسالہقبرکی پہلی رات پڑھ یا سُن لے،نورِمصطفی(صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم )کے صدقےاُس کی قبرروشن فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم