غلام حسین عطاری (درجۂ ثانیہ جامعۃُ المدینہ فیضان اہل بیت
کراچی، پاکستان)
پیارے اسلامی بھائیو! والد کی عظمت کا اندازہ آپ نبی پاک
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرمودات سے لگا سکتے ہیں، آیئے! والد کی اطاعت و
فرمانبرداری کے متعلق چند احادیثِ مبارکہ ملاحظہ کرتے ہیں:
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ کریم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کی اطاعت والد کی
اطاعت کرنے میں ہے اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی والد کی نافرمانی کرنے میں
ہے۔(معجم الاوسط)
حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: پروردگار کی خوشنودی باپ کی
خوشنودی میں ہے اور پروردگار کی ناخوشی باپ کی ناراضی میں ہے۔(ترمذی)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت ہے، حضورِ
اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:زیادہ احسان کرنے والا وہ ہے
جو اپنے باپ کے دوستوں کے ساتھ باپ کے نہ ہونے(یعنی باپ کے انتقال کر جانے یا کہیں
چلے جانے) کی صورت میں احسان کرے۔(مسلم)
ابودرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایاکہ میں نے رسول اﷲ صلَّی
اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ والد جنت کے دروازوں میں سے بیچ کا
دروازہ ہے، اب تیری خوشی ہے کہ اس دروازہ کی حفاظت کرے یا ضائع کردے۔(ترمذی، ابن
ماجہ)
پیارے اسلامی بھائیو! ان احادیث مبارکہ سے آپ ایک والد کی
فضیلت و عظمت کا اندازہ لگا سکتے ہیں کسی نے کیا خوب کہا باپ کا احترام کرو تاکہ
تمہاری اولاد تمہارا احترام کرے، باپ کی عزت کرو تاکہ اس سے فیض یاب ہوسکو، باپ کا
حکم مانو تاکہ خوشحال ہو سکو، باپ کی سختی برداشت کرو تاکہ باکمال ہوسکو، باپ ایک
کتاب ہے جس پر تجربات تحریر ہوتے ہیں، باپ ایک مقدس محافظ ہے جو ساری زندگی خاندان
کی نگرانی کرتا رہتا ہے۔ اللہ پاک ہم سب کو والدین کی حقیقی معنی میں ادب کرنے اور
بالخصوص والد کا ادب و احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔