والدین دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں، والدین کی خدمت کرنا بہت بڑی سعادت مندی کی بات ہے، احادیث مبارکہ جہاں ماں کی شان و عظمت بیان ہوئی ہے وہیں باپ کی شان و عظمت کو بھی بیان کیا گیا ہے، آیئے!والد کی اطاعت و فرمانبرداری پر 5 احادیث مبارکہ ملاحظہ کرتے ہیں:

(1)باپ کے دوستوں کے ساتھ احسان:حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: زیادہ احسان کرنے والا وہ ہے جو اپنے باپ کے دوستوں کے ساتھ باپ کے نہ ہونے کی صورت میں احسان کرنے۔(بہار شریعت بحوالہ مسلم)

(2)والد جنت کا درمیانی دروازہ:حضرت ابوالدرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا : میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ والد جنت کے دروازوں میں بیچ کا دروازہ ہے، اب تیری خوشی ہے کہ اس دروازہ کی حفاظت کرے یا ضائع کر دے۔(ترمذی)

(3) باپ کو چھوٹی عمر میں پانی پلانے کی فضیلت:حضوراکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے اپنی چھوٹی عمر میں اپنے والد کو ایک مرتبہ پانی پلایا اللہ پاک بروزِ قیامت اسے آبِ کوثر سے 70 مرتبہ پانی پلائے گا۔( جمع الجوامع، 7/716،حدیث:2210)

(4)باپ سے منہ نہ پھیرو:رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: باپ سے منہ نہ پھیرو جس نے اپنے باپ سے منہ پھیرا اس نے کفر کیا۔ (بُخاری شریف)

(5)والد کی نافرمانی اللہ کی نافرمانی:حضوراکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: والد کی اطاعت اللہ پاک کی اطاعت ہے اور والد کی نا فرمانی اللہ کی نا فرمانی ہے۔(معجم اوسط)

اللہ پاک ہمیں اپنے والد کی عزت اور خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جب وہ بوڑھے ہو جائیں تو ان کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ مضامین نئے لکھاریوں کے ہیں ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلفین کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔