ملک بھر کے مختلف جامعات المدینہ سے ہزاروں طلبہ کی انفرادی و اجتماعی طور پر شرکت

دار الافتاء اہل سنت کےعلمائے کرام اورحلال فوڈ انڈسٹری کے ماہرین نے طلبائے کرام کو مختلف اہم امور پر لیکچرز دئیے

شریعت مطہرہ نے حلال و طیب اشیاء کو اختیار کرنا اور حرام چیزوں سے بچنا فرض و لازم قرار دیاہے،چنانچہ اللہ عزوجل نے قرآن پاک میں سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 168 میں ارشاد فرمایا:" یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ كُلُوْا مِمَّا فِی الْاَرْضِ حَلٰلًا طَیِّبًا ﳲ وَّ لَا تَتَّبِعُوْا خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِؕ-اِنَّهٗ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ(۱۶۸)ترجمہ:اے لوگو کھاؤ جو کچھ زمین میں حلال پاکیزہ ہے اور شیطان کے قدم پر قدم نہ رکھو بےشک وہ تمہارا کھلا دشمن ہے

اسی کی آگاہی اور حلال فوڈ انڈسٹری کی اہمیت کے پیش نظر دار الافتاء اہل سنت کےنئے ذیلی شعبہ حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل اور مجلس جامعات المدینہ للبنین پاکستان کے اشتراک سے دو ہفتوں پر مشتمل آن لائن فقہ الحلال آگاہی کورس برائے جامعات المدینہ کا انعقاد کیا گیا۔ کورس کا آغاز17 نومبر2023 بروز جمعہ رات 8 بجےتلاوت و نعت سےآغاز ہوا ،جس میں ملک بھر کے مختلف جامعات المدینہ بشمول جامعۃالمدینہ فیضان مدینہ کاہنہ نو لاہور، جامعۃالمدینہ فیضان مدینہ جوہرٹاؤن لاہور،جامعۃالمدینہ فیضان مدینہ فیصل آباد، جامعۃالمدینہ فیضان غوث اعظم سائٹ کراچی اور مرکزی جامعۃالمدینہ کراچی کے کئی سو طلبائے کرام نے انفرادی و اجتماعی طور پر شرکت کی۔ اس کورس میں دار الافتاء اہل سنت کےعلمائے کرام اورحلال فوڈ انڈسٹری کے ماہرین نے طلبائے کرام کو مختلف اہم امور پر لیکچرز دئیے۔ جن کے موضوعات اور ان کی تفصیل قدرے اختصار کے ساتھ یہ ہے:

(1)حلال و حرا م کی اہمیت اور ملکی و بین الاقوامی حلال سیکٹر کے نظام کا تعارف

اس لیکچر میں قرآن و حدیث کی روشنی میں حلال و حرام ، پاک و ناپاک ا و رطیب اشیاء کی اہمیت ، ضرورت اور ان کے مختلف مفاہم و معانی پر طلباء کرام کی راہنمائی کی گئی۔ اس کے بعدحلال انڈسٹری کا تعارف پیش کیا گیا جس میں اس کی مختلف اقسام مثلاً حلال کاسمیٹکس ،حلال دوا سازی ،حلال سیاحت وغیرہ کے بیان کے ساتھ ضرورت و اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد حلال انڈسٹری کے ملکی و بین الاقوامی حلال سیکٹر کے نظام کا تعارف کروایا گیا اور ان اداروں کا تعارف کروایا گیا ہے جن کے تحت اس نڈسٹری کی بہتری حوالے سے مختلف امور سرانجام دئیے جاتے ہیں۔ حلال سیکٹرز میں علماء کرام کے کردار مثلاً عوام کی راہنمائی ،مطبوعات،بطور شرعی مشیر،حلال معیارات کے آڈیٹر ،حلال معیارات کے ٹرینر وغیرہ مختلف عنوانات کے ذریعے اجاگر کیا گیا اور اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ کے رسالے (الاحلی من السکر لطلبۃ سکر روسر)کا تعارف بھی بیان کیا گیا۔

(2)پاکستان حلال اسٹینڈرڈ کا تعارفی جائزہ

اس لیکچر کے اندر مندرجہ ذیل ابحاث زیر بحث لائی گئیں:

٭حلال اسٹینڈرڑ کیا ہے؟

٭حلال اسٹینڈرڑ کو بنانے کی حاجت کیوں پیش آئی؟

٭حلال اسٹینڈرڑ بنانے والے ادارے کون کونسے ہیں؟

٭پاکستان حلال اسٹینڈرڈ پی ایس : (2022)3733 کا تعارفی جائزہ

٭پاکستان میں حلال سرٹیفیکیشن کے نفاذ کیلئے کتنے اور کون کونسے ادارے کام کررہے ہیں اس حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔

(3)فوڈ سیفٹی اینڈ کوالٹی مینیجمنٹ سسٹم

اس لیکچر میں چند ابحاث کو زیر بحث لایا گیا:

٭فوڈ سیفٹی یعنی کھانا صارف کیلئے مضر نہ ہو اس کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو فوڈ سیفٹی کہا جاتا ہے۔

٭فوڈ سیفٹی کے قوانین دنیا بھر میں کیا ہیں اور ان کا استعمال کیسے ہو رہا ہے اس کو واضح کیا گیا۔

٭فوڈ کوالٹی یعنی کھانے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنایا گیا ہو۔

٭فوڈ کوالٹی کو بہتر بنانے کیلئے کونسے اقدامات کیے جائیں ؟

٭کوالٹی کنٹرول سسٹم کے بارے میں بریف کیا گیا ۔

٭کوالٹی ایشورنس سسٹم کے بارے میں بتایا گیا ، یہ تمام باتیں اس لیکچر میں بیان ہوئیں ۔

(4)الکوحل، جیلیٹن اور کارمائن رنگ کی تفصیلات و شرعی احکام

٭اس لیکچر میں شریعت کے کچھ بنیادی قوانین،حرمت کے اسباب مثلا نجاست،خبث،نشہ آور ہونا،مضر ہونا،تکریم انسانی کو بڑی شرح و بسط سے بیان کیا گیا ،اسی طرح شراب اور اس کی اقسام،الکحل اور اس کی اقسام جیسے میتھانول،ایتھانول،آئسوپروپائل الکحل، بوٹانول، وغیرہ پر بریفنگ دی گئی ۔

٭خمر کے اجزائے ترکیبی مثلاً پانی،چینی،کھٹاس،بو،الکحل اور بعض دیگر قدرتی اجزاء کو بیان کیا گیا ۔

٭چرس بھنگ افیون ہیروئن وغیرہ کے احکام شرعیہ کو بیان کیا گیا۔

٭استحالہ/انقلاب عین،کارمائن رنگ وغیرہ اہم چیزوں کو بیان کیا گیا۔

٭جیلاٹن کیا ہے اور اس کا استعمال کن چیزوں میں ہوتا ہے ، نیز جیلاٹن کو حاصل کرنے کے ذرائع کیا ہیں،ان تمام چیزوں کو واضح کیا گیا۔

(5)حلال سلاٹرنگ سسٹم اور مصنوعی گوشت کا تعارف

اس لیکچر میں مندرجہ ذیل ابحاث زیر بحث لائی گئیں:

٭گوشت کے متعلق اسلامی اصول اور اسلامی طریقہ کار کے مطابق ذبح کی اہمیت و افادیت

٭ذبح کا لغوی و شرعی معنی اور ذبح کی اقسام(اختیاری و اضطراری)

٭ذابح کی اہلیت و مذبوحہ جانور کی شرائط اور جانور کے حرام و مکروہ اجزاء اور ان کی تفصیل

٭مشینی ذبیحہ کا شرعی حکم ا ور الیکٹرک جھٹکا(Stunning) دینا کیسا؟

اس لیکچرکے دوسرے حصہ میں مصنوعی گوشت کے بارے میں بنیادی معلومات فرہم کی گئی مثلا،

٭یہ کیسے بنتا ہے اور کن اجزاء کا مجموعہ ہوتا ہے ۔

٭مصنوعی گوشت کی مختصر تاریخ، اس کی ضرورت کیوں پیش آئی؟اور اس کی اہمیت کیا ہے؟

٭اس گوشت کا مستقبل کیا ہے؟

٭اس کے منفی پہلو کیا ہوسکتے ہیں ؟

٭مصنوعی گوشت بننے کے مختلف لیولز کیا ہیں ؟اور شرعی لحاظ سے اس کے حوالے سے کیا کیا تحفظات ہیں ۔

(6)ای کوڈز اور اس کے مشمولات کی قدرے تفصیل

اس لیکچر میں ای کوڈز کے حوالے سے یہ معلومات دی گئی ہے۔

٭ای کوڈز کیا ہیں اور یہ کن اجزاء کو شو کرنے کےلیے بیان کئے جاتے ہیں اور یہ کس نے کن مقاصد کےلئے متعارف کروائے وغیرہ امور کو بیان کیا گیا۔

٭کھانے میں شامل ہونیوالے بنیادی اجزاء اور فوڈ ایڈیٹوز(یعنی ایک ایسا غذائی مادہ یا مادوں کا مرکب ( بنیادی غذائی اشیاء کے علاوہ) جو پیداوار، پروسیسنگ ، ذخیرہ کرنے یا پیکیجنگ کے کسی بھی مقصد کے طور پر کھانوں میں موجود ہوتا ہے۔) کو بیان کیا گیا اور اس پر شرکاء سے مشق بھی کروائی گئی جیسےکیک،بریڈ وغیرہ میں فوڈ ایڈیٹوز کیا ہیں۔

٭فوڈایڈیٹوز کی اقسام کو بیان کیا گیا۔

٭پھر مختلف کھانے کی چیزوں کی ڈیجیٹل تصاویر پر مشق کروائی گئی کہ آیا یہ حلال ہیں یا حرام جس میں کچھ وہ چیزیں تھیں جن میں کوئی حرام چیز شامل تھی اور کچھ مشبوہ کی قسم میں آتی تھیں۔

٭ای کوڈز پر بھی باقاعدہ مشق کروائی گئی کہ کسی بھی ای کوڈ کو جاننا کہ اس کے پیچھے جو چیز ہے وہ حلال ہے یا حرام اس کا طریقہ کار کیا ہے اور کن ذرائع سے ان کو جانا جا سکتا ہے، یہ سب کچھ بھی بتایا گیا۔

اس کورس میں ملک و بیرون ملک کی حلال انڈسٹری کے ماہرین نے لیکچرز دئیے ،اور علماء کرام کی اس شعبہ میں بھی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی، کورس کے دوران طلباء کرام کو پریزنٹیشن کے ذریعہ جدید مسائل کی تفہیم کرائی گئی ،کورس کے ہر لیکچر میں طلباء کرام کے سوالات کے جوابات بھی دئیے جاتے رہے ۔آخری دن مفتی محمد ساجدعطاری صاحب (دار الافتاء اہل سنت ، جوہر ٹاؤن لاہور) نے اس کورس کی اختتامی دعا بھی کروائی جس میں مفتی صاحب نے دعوت اسلامی کی ترقی وعروج کیلئے اور اس کورس میں شرکت کرنے والے تمام شرکا کیلئے دعائیں کیں۔اور آخر میں تمام شرکا کی طرف سے اس کورس کے متعلق تاثرات بھی لیے گئے جس میں شرکا نے بڑے مثبت تاثرات دئیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتےہوئے لکھا کہ "فقہ الحلال آگاہی کورس" میں ہمیں روزمرہ زندگی میں حلال و حرام کے عام مسائل سے لے کر عالمی سطح تک کے مختلف جدیدمسائل سیکھنے کا موقع ملا۔ کورس کے دوران حلال و حرام کی اہمیت کو قرآن و سنت، فقہ اور جدید سائنسی پہلوؤں کے ذریعہ اجاگر کیا گیا ۔ اس کورس کے ذریعے ہمیں حلال کے بہت سے نئے اور جدید مسائل سمجھنے میں مدد ملی، الغرض یہ کورس ہمارے لیے ایک قیمتی سرمایہ تھا ، اللہ عزوجل اس شعبہ کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، آمین۔ ہم اس کورس کے انعقاد پر مجلس افتاء و مجلس جامعات المدینہ اور تمام اساتذہ و ذمہ داران کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہمارے لئے اس کورس کا اہتمام کیا ۔

اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں

اے دعوت اسلامی تیری دھوم مچی ہو

05 دسمبر 2023

Halal Research & Advisory Council

(Darul-ifta, Ahle Sunat, Dawat-e-Islami)