رُکنِ شورٰی اور نگرانِ شعبہ دارالمدینہ انٹرنیشنل
اسلامک ایجوکیشنل سسٹم حاجی محمد اطہر عطاری اور شریعہ ایڈوائزر دارالافتاء کے
مولانا کفیل عطاری مدنی نے گزشتہ دنوں دارالمدینہ کے ریجنل ڈائریکٹرز اور ہیڈ آف
ڈیپارٹمنٹس کی تربیت فرمائی ۔
اس موقع پر رکنِ شوری ٰحاجی محمد اطہر عطاری نے
کہا کہ انسان سازی دنیا کا مشکل ترین کام ہے، انسان کو چاہیے کہ پہلے خود کو ذہنی
تربیت کے لئے تیار کرے، ہر ذمہ دار کو ایسے دوست تلاش کرنے چاہیئے جو نیک، متقی،
فرماں بردار اورعاشق رسول ہوں۔ہر نگران اپنے ساتھ کام کرنے والوں کے لئے ایسی رفاقت قائم کریں کہ ان کی رفاقت میں لوگ
خدائے پاک کو یاد کریں، علم کی طرف مائل ہوں، نیکی کی ترغیب پائیں۔
رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی اور آنے
والی نسلوں کی اصلاح ہماری ذمہ داری ہے، ہم اسی صورت میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں گے جب ہمارے ادارے کا ماحول تلخی، بدگمانی، بدمزاجی، بغض، کینہ یا کسی کو نیچا دکھانے پر نہیں بلکہ نیکی، پرہیزگاری، مسکراہٹ، دل جوئی، خیرخواہی اورغم
گساری پر ہوگا نیز رکنِ شوری نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ تنظیم اصولوں پر چلتی ہے، اصولوں
پر قربانی دی جاتی ہے، اصولوں کو قربان نہیں کیا جاتا۔ہر یونٹ ہیڈ اپنے کیمپس کے
ماحول کو مثالی بنائے۔ دارالمدینہ کے ہر کیمپس کے نگران کو شرعی، تنظیمی، اخلاقی،
تعلیمی، تربیتی اور تدریسی اعتبار سے منفرد ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ مولانا کفیل عطاری مدنی نے اچھی
صحبت کے متعلق سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے
کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی صحبت اختیار کرنی
چاہیے جن کے اعمال، اقوال اور کردار ہماری تربیت سازی میں بہترین کردار اداکرسکیں۔اچھی صحبت انسان کو نیکیوں کی طرف لے جاتی ہے۔ان لوگوں کی صحبت اختیار نہیں کرنی چاہیے، جن کی ہم نشینی میں دین پر عمل
کرنے میں شرم محسوس ہو۔صحبت بہتربنانے کا ایک ذریعہ دعوت اسلامی کا دینی
ماحول ہے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک
اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک
رائٹر:غیاث الدین عطاری)