دارالمدینہ ایجوکیشن سسٹم کے تین روزہ تربیتی
اجتماع میں نگران شوری و اراکینِ شوریٰ کے بیانات
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان
مدینہ کراچی میں دارالمدینہ ایجوکیشن سسٹم سے وابستہ اداروں دارالمدینہ انٹرنیشنل
اسلامک اسکول سسٹم، فیضان اسلامک اسکول سسٹم، دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس
اور دارالمدینہ بوائز کالج کا 3 دن پر مشتمل سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور اراکین ِ شوریٰ حاجی محمد اطہر
عطاری، حاجی محمدامین عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں
بھرے بیانات کئے نیز دارالمدینہ کے ذمہ داران کی ذو الحجۃ الحرام
میں ہونے والے مدنی مذاکروں میں بھی حاضری ہوئی جہاں انہوں نے امیرِ اہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے مختلف
سوالات کئے۔
تفصیلات کے مطابق نگرانِ شوری مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے تربیت کے مدنی پھول دیتے ہوئے
کہا کہ اخلاق لوگوں کو قریب کرتے ہیں، بااخلاق وہ ہے جو ہر جگہ بااخلاق ہے، لوگ
آپ کے ڈر سے آپ کی عزت نہ کریں بلکہ آپ کے اخلاق کی وجہ سے کریں۔
نگرانِ شوریٰ نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کیا ہم
وہ ہیں جنہیں دیکھ کر لوگوں کے چہرے پر
مسکراہٹ آجائے یا جنہیں دیکھ کر لوگوں کی مسکراہٹ دور ہوجائے۔مزید اُن کا کہنا
تھا کہ غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے، جب غلطی ہوجائے تو معافی مانگ لینی چاہیے، یہ نہ
ہو کہ ہمیشہ چھوٹے ہی معافی مانگیں، بڑوں کو بھی معافی مانگنی چاہیے۔
رکن شوری و نگرانِ مجلس دارالمدینہ حاجی محمد اطہر
عطاری نے شرکائے اجتماع کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ اچھےاستاد، پرنسپل اور ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ
کی اولین ترجیح نظافت و نفاست ہونی چاہیے۔اللہ پاک کی رضا کے
لئے اپنی شخصیت کو جاذبِ نظر اورصفائی ستھرائی کو اپنا شعار بنائیے۔رکن شوری ٰکا
کہنا تھا کہ دورانِ تدریس طلبہ کا نام لے
کر مخاطب کرنے سے طلبہ کی توجہ اور دل چسپی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بچوں کو بات کرنےکا
موقع دیجیئے، ان کے ساتھ ہمدردی بھی کیجیئے۔اس دوران انہوں نے مکتبۃ المدینہ کی
شائع کردہ کُتُب ”تمہید الایمان“، ”پردے کے بارے میں سوال جواب“ اور
”کفریہ کلمات کے بارے میں سوال و جواب“ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔
اس کے علاوہ رکنِ شوری حاجی محمد امین عطاری نے اسلامی
بھائیوں کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو ہمیشہ اچھا سوچنا چاہیئے۔طلبہ کی شخصیت
سازی کے لئے سب سے پہلے اپنا انداز بہتر بنانے کی کوشش کیجیئے۔اپنی صلاحیتوں کا
بہترین استعمال کیجیئے۔ہر استاد یہ سوچے کہ میں قوم کو اچھے افراد تیار کرکے دے
رہا ہوں۔
اسی طرح رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے تربیت
کرتے ہوئے کہا کہ دارالمدینہ کا اصل مقصد تربیت ہے۔انہوں نے تبلیغ دین اور نیکی کی
دعوت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے فرمایا:آج کل معاشرے کے ہر طبقے کے افراد میں
اخلاقی کمزوریاں پیدا ہوچکی ہیں جن کمزوریوں کو نیکی کی دعوت کے ذریعے دور کیا
جاسکتا ہے۔