کسی بھی ادارے کے ساتھ مخلص اور با مقصد افراد کا منسلک ہونااس ادارے کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ایسے افراد ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشن سسٹم میں اپنے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے ، حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں مستقبل کے نئے اہداف دینے کے لئےاجتماعات اور مشاورتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ان اجتماعا ت میں عملے کو نئی ذمہ داریاں دینے سے نہ صرف ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے بلکہ ادارے سے ان کا تعلق و لگاؤ بھی مزید مضبوط ہوتا ہے۔

اسی سلسلے میں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشن سسٹم کا چار دن کا سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع کے آخری دن 24جون2021 کو مرکزی مجلس شوری ٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے ادارے کے ساتھ مخلص رہنے کے حوالے سے سنتوں بھرا بیان فرمایا۔بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ کا کہنا تھا کہ انسان کی پروفیشنل لائف اور گھریلو زندگی میں گہرا تعلق ہوتا ہے ،ادارے کا خوشگوار ماحول ذاتی زندگی کو بھی خوشگوار بناتا ہے ۔ادارے میں کام کرنے والے افراد کی اقسام و خصوصیات بیان کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ ادارے کی کامیابی میں اصل کردار ان افراد کا ہوتا ہے جو ہر حال میں ادارے کی ترقی کو مقدم رکھتے ہیں ۔مولانا عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے شرکا کو مدنی پھول دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ مقصد کے حصول کے لئے وقت اور استقامت ناگزیر ہیں۔ نگرانِ شوریٰ نے وقت اور حالات کے تقاضوں کے پیشِ نظر،دارالمدینہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مزید نئے کیمپسز کے قیام پر بھی زور دیا۔

اس اجتماع میں مفتی کفیل عطاری مدنی اوررکن ِ شوری حاجی اطہر علی عطاری نےبیان فرمایا اور اس کے ساتھ ہی ایجوکیشن انڈسٹری سے وابستہ پروفیشنلز نے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا۔(رپورٹ: محمد نبیل شیخ۔ میڈیا کوآرڈینیٹر دارالمدینہ)