محمد دانش عطاری (درجہ رابعہ جامعۃ المدینہ فیضان
بُخاری موسیٰ لین، کراچی)
نئے سال کی آمد آمد ہے۔بہت سی اچھی بری اور تلخ قسم کی
یادوں کے ساتھ 2021 کا سورج غروب ہوا۔نیا سال کیسے گزارنا ہے اس حوالے سے کچھ مدنی
پھول پیش کیے جاتے ہیں:
1۔ منظم زندگی گزارنے کا تہیہ :اب تک اگر بے ترتیب و بے مقصد زندگی گزارتے آئے ہیں تو پختہ
ارادہ کیجئے کہ اس سال اپنی زندگی منظم
انداز پر گزاریں گے۔سستی و کاہلی کو چھوڑ کر محنت کی لگن پیدا کیجئے تاکہ خود کا
ہی مستقبل روشن ہوسکے۔
2۔ گناہوں سے اجتناب : ایک مسلمان کا سب سے بڑا مقصد اللہ کی رضا ہے۔دنیا کمانے کے چکر میں دین بھول
جانا عقلمندوں کا کام نہیں۔ یہ سال نیکیوں میں گزارتے ہوئے ہر اس کام سے بچنے کی کوشش کریں کہ جس سے اللہ
پاک ناراض ہو۔
3۔ معاشی مسائل کیلئے پیشگی تیار رہیں :
کورونا جیسی سخت آزمائش نے دنیا کو یہ سکھا دیا ہے کہ کوئی
بھی مصیبت بتا کر نہیں آتی۔ لہٰذا اس جیسی ممکنہ آفات سے نپٹنے کیلئے قبل از وقت
ہی تیار رہنا ضروری ہے۔ اپنی آمدنی کو فضول جگہوں پر اڑانے کے بجائے جمع کریں یا
پھر کسی کاروبار میں صرف کریں۔ تا کہ لاک ڈاؤن جیسے صبر آزما وقت میں اپنا بوجھ
خود اٹھا سکیں۔
4۔اہداف کی تعیین :کامیاب لوگ پلاننگ کے ساتھ چلتے ہیں۔ ہر فیلڈ کا شخص اپنے اعتبار سے اگلے ایک
سال تک کے اہداف متعین کرلے۔ اور پھر اُن اہداف کو حاصل کرنے میں لگ جائے۔مثلاً
طالب علم ہدف طے کرلے کہ میں نے اس سال اتنی تعداد میں کتابیں پڑھنی ہیں۔ اور فلاں
فن پر مہارت حاصل کرنی ہے۔
5۔ تعمیر شخصیت : آج کے ترقی یافتہ دور میں بالخصوص نوجوانوں کو تعمیر شخصیت (Character Building) پر توجہ دینے
کی بہت ضرورت ہے۔بڑھتی بیروزگاری کے اس دور میں ضروری ہے کہ ہم کوئی اچھا ہنر سیکھ
کر اپنے آپ کو خود مختار بنائیں تاکہ اگر نوکری نہ بھی ملے تو ہم ہاتھ پر ہاتھ
دھرے نہ بیٹھے رہیں ۔
اللہ پاک ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی سے سرفراز
فرمائے۔آمین