نئے عیسوی سال 2022 کی آمد ہو چکی ہے اللہ پاک سے دعا ہے کہ اس سال کو ہمارے لئے باعث برکت بنائے سلامتی والا، امن والا ،خوشیوں والا اور نیکیوں والا بنائے، گناہوں سے بچ کر گزارنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین بجاہ خاتم المرسلین  صلی اللہ علیہ وسلم۔

اس سال کو اللہ پاک کی رضا والے کاموں میں گزارنے کے لئے آئیں ہم کچھ اہداف (targets) مقرّر کر لیں خواہ وہ دینی ہوں یا دنیوی ۔ ٹارگٹ سیٹ کرنا کسی بھی کام کو استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ کامیاب لوگوں کا طریقہ ہے۔ لہذا عبادات میں بھی ہمیں اہداف سیٹ کر لینے چاہئیں ۔ نیت کریں کہ :

· اس سال میری کوئی نماز قضا نہیں ہو گی ۔

· اس سال میں سارے فرض روزے رکھنے کے ساتھ ساتھ کم از کم 63 نفل روزے بھی رکھوں گا ۔

· اس سال اپنے مال کی پوری زکوة حساب لگا کر ادا کروں گا ۔

· حج فرض ہے تو بغیر تاخیر کیے اس سال فرض حج کروں گا ۔

· پورا سال چھوٹے سے چھوٹا اور بڑے سے بڑا کوئی گناہ نہیں کروں گا ۔

· اس سال اتنے قرآن ختم کروں گا یا کم از کم ایک قرآن ضرور ختم کروں گا ۔

· جو چیزیں سیکھنا میرے اوپر فرض ہیں ان کو سیکھ لوں گا یعنی فرض علوم سیکھ لوں گا ۔

· اس سال کسی مسلمان کی دل آزاری نہیں کروں گا ۔

· اس سال حرام کی کمائی کا ایک لقمہ بھی اپنے اور اپنے بچوں کے پیٹ میں نہیں ڈالوں گا

· اس سال کم از کم 365000 بار درود پاک پڑھ لوں گا زیادہ سے زیادہ جتنا آپ پڑھنا چاہیں ۔

· اس سال کم از کم 3650 صفحات علمائے اہل سنّت کی کتب و رسائل سے پڑھ لوں گا زیادہ سے زیادہ جتنے آپ پڑھنا چاہیں ۔

· پچھلی نمازیں جو میرے ذمے باقی ہیں اس سال ساری پڑھ کر صاحبِ ترتیب بن جاؤں گا ۔

· میرے ذمے جو قرض ہے اس سال استطاعت ہونے کی صورت میں سارا ادا کر دوں گا۔

· تمام تر حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کرتا رہوں گا ۔

· اس سال اپنے رشتے داروں کو اپنی حیثیت کے مطابق کم از کم ایک ایک بار کچھ ہدیہ یعنی تحفہ بھیجوں گا ۔

· اس سال اپنی آمدن میں سے ہر ماہ کچھ نا کچھ رقم غریبوں محتاجوں اور عاشقان رسول کے مدارس میں پیش کروں گا ۔

· تفسیر قرآن صراط الجنان اس سال میں مکمل پڑھ لوں گا ۔

· اس سال اپنے بالغ بچوں اور بیٹیوں (اگر وہ استطاعت رکھتے ہوں تو) کی شریعت و سنت کے مطابق شادیاں کر دوں گا ۔

· اس سال سوشل میڈیا اور فلموں ڈراموں پر ایک منٹ بھی ضائع نہیں کروں گا ۔

· ایک روپیہ بھی حرام و فضول کاموں میں خرچ نہیں کروں گا ۔

· ہر ماہ 3 دن عاشقان رسول کے ساتھ اللہ کے راستے میں دعوت اسلامی کے مدنی قافلوں میں سفر کروں گا ۔

مزید اہداف سیٹ کیے جا سکتے ہیں جب ہم ٹارگٹ بنا کر دنیا میں آنے کے مقصد کو پورا کرنے کے لئے اپنے ماہ و سال گزاریں گے تو ان شاءاللہ جینے کا مزہ آ جائے گا ۔ حقیر ترین، اور جلدی فنا ہونے والی دنیا کی خاطر کبھی ختم نہ ہونے والی آخرت کو داؤ پہ لگانے والے کو کوئی سمجھدار نہیں کہے گا ۔ جو آخرت کو چاہتا ہے اور اس کے لئے کوشش کرتا ہے اللہ پاک اسے دنیا و آخرت دونوں عطا فرما دیتا ہے ۔ ایک بار ملی ہوئی زندگی کو فضولیات میں ضائع کرنے کے بجائے مقصد حقیقی میں صرف کر کے جنت کی ابدی نعمتوں کے حقدار بن جائیے۔

اللہ پاک کرونا وائرس سمیت سب وباؤں ،بلاؤں، مصیبتوں سے ہمیں محفوظ فرمائے ۔ مولائے رحیم و کریم اپنے رسول کریم صلّی اللہ علیہ وسلم کے صدقے حرمین شریفین کی رونقیں بحال فرمائے اور ہمیں اسی سال با ادب حاضری نصیب فرمائے آمین بجاہ خاتم المرسلین۔