مومن اگرچہ فقیر بھی ہو اُس کی زندگانی دولت مند کافر کے عیش سے بہتر اور پاکیزہ ہے کیونکہ مومن جانتا ہے کہ اس کی روزی اللہ کی طرف سے ہے جو اُس نے مقدر کیا اس پر راضی ہوتا ہے اور مومن کا دل حرص کی پریشانیوں سے محفوظ اور آرام میں رہتا ہے۔

1۔ کامیابی کی کنجی:کامیابی حاصل کرنے والے وہ مومن ہیں جو اپنی نمازوں کی حفاطت کرتے ہیں اور انہیں اُن کے وقتوں میں، ان کے شرائط و آداب کے ساتھ پابندی سے ادا کرتے ہیں اور فرائض و واجبات اور سُنن و نوافل سب کی نگہبانی رکھتے ہیں۔ ( خازن، 3/ 321)

عظیم الشّان عبادت: قرآن مجید میں ایمان والوں کا پہلا وصف خشوع و خضوع کے ساتھ نماز ادا کرنا بیان کیا گیا ہے نمازوں کی حفاظت کرنا ذکر کیا گیا، اس سے معلوم ہوا کہ نماز بڑی عظیم الشان عبادت ہے اور دین میں اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے، لہٰذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ پانچوں نمازیں پابندی کے ساتھ اور ان کے تمام حقوق کی رعایت کرتے ہوئے ادا کرے۔

2۔ دوسرا وصف یہ ہے کہ وہ اپنے رب کی آیتوں پر ایمان لاتے ہیں اور اس کی تمام کتابوں کو مانتے ہیں۔

3۔ تیسرا وصف یہ ہے کہ اپنے رب کے ساتھ کسی اور کو شریک نہیں کرتے۔

4۔ مومن زمین پر آہستہ چلتے ہیں۔

5۔ مومن اپنے رب کے لیے سجدے اور قیام کی حالت میں رات گزارتے ہیں۔

6۔ مومن جہنم کے عذاب سے اللہ تعالیٰ کی پناہ سے مانگتے ہیں۔

7۔ اعتدا ل سے خرچ کرتے ہیں، اس میں نہ حد سے بڑھتے ہیں اور نہ تنگی کرتے ہیں۔

8۔ اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کی عبادت نہیں کرتے۔

9۔ جس جان کو ناحق قتل کرنا اللہ تعالیٰ نے حرام فرمایا ہے، اسے قتل نہیں کرتے۔

10۔ مومن بدکاری نہیں کرتے۔

11۔ مومن جھوٹی گواہی نہیں دیتے۔

12۔ مومن جب کسی بیہودہ بات کے پاس سے گزرتے ہیں تواپنی عزت سنبھالتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔

13۔ جب مومن کو رب کی آیتوں کے ساتھ نصیحت کی جاتی ہے تو خوب توجہ سے سنتے ہیں۔

14۔ مومن یوں دعا کرتے ہیں: اے ہمارے رب!، ہماری بیویوں اور ہماری اولاد سے ہمیں آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں پرہیزگاروں کا پیشوا بنا دین پر ثابت قدمی عطا فرما۔

صبر اور شکر مومن کی صفات: حضرت صہیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مومن کے معاملے پر تعجب ہوتا ہے، اس کے ہر حال میں خیر ہے اور یہ مقام اس کے سوا کسی اور کو حاصل نہیں۔ اگر وہ نعمتوں کے ملنے پر شکر کرے تو اسے اجر ملتا ہے اور اگر وہ مصیبت آنے پر صبر کرے تو بھی اسے اجر ملتا ہے۔ (مسلم، ص1598، حدیث:2999)

اللہ پاک ہر مومن کو یہ عظیم صفات نصیب فرمائے۔ آمین