انبیائے کرام علیہم السلام کائنات کی وہ ہستی ہیں جنہیں اللہ پاک نے مخلوق کو ہدایت دینے کے لیے منتخب فرما لیا ہے اور مختلف انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا تاکہ وہ لوگوں کو اپنے رب احکام اور اس کا دین سکھائے انہی انبیائے کرام میں سے حضرت داؤد علیہ السّلام بھی ہیں جن کے کچھ قراٰنی اوصاف کا ذکر کیا جائے گا۔

مختصر تعارف : آپ علیہ السّلام نبوت وسلطنت کے جامع پیغمبر تھے ۔ آپ علیہ السّلام اللہ پاک سے ڈرنے والے ، عاجزی و انکساری کرنے والے اور عبادت و ریاضت سے مالا مال تھے۔ ( سیرت الانبیا ء،ص 669 مکتبۃ المدینہ)

اوصاف:

حکومت و حکمت والے: اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو سلطنت اور حکمت عطا فرما دیئے اور آپ کو جو چاہا سکھا دیا۔ ﴿ وَ اٰتٰىهُ اللّٰهُ الْمُلْكَ وَ الْحِكْمَةَ وَ عَلَّمَهٗ مِمَّا یَشَآءُؕ ﴾ترجَمۂ کنزُالعرفان: اور اللہ نے اسے سلطنت اور حکمت عطا فرمائی اور اسے جو چاہا سکھا دیا۔(پ2،البقرۃ:251)

خلیفہ بنایا:اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو زمین میں اپنا نائب فرمایا ہے۔﴿یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰكَ خَلِیْفَةً فِی الْاَرْضِ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے داؤد! بیشک ہم نے تجھے زمین میں (اپنا) نائب کیا۔( پ23،صٓ:26)

صاحب فضل: اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو فضل عطا کیا ۔ ﴿وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ مِنَّا فَضْلًاؕ ﴾ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے داؤد کو اپنی طرف سے بڑا فضل دیا۔(پ22،سبا:10)

پرندوں کو حکم دیا:اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کے ساتھ پرندوں کو تسبیح کرنے کا حکم فرمایا ۔ ﴿ یٰجِبَالُ اَوِّبِیْ مَعَهٗ وَ الطَّیْرَۚ-﴾ ترجَمۂ کنزُالایمان: اے پہاڑو اس کے ساتھ اللہ کی طرف رجوع کرو اور اے پرندو ۔(پ22،سبا: 10)

لوہا نرم ہونا:اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو یہ معجزہ عطا کرا کہ لوہے کو آپ کے ہاتھ میں نرم کیا اور زرہیں بنانا سکھا دیا ۔ ﴿وَ اَلَنَّا لَهُ الْحَدِیْدَۙ(۱۰)﴾ترجمۂ کنزُالعِرفان :اور ہم نے اس کے لیے لوہا نرم کردیا۔(پ22، سبا: 10)

کثیر علم :اللہ پاک نے آپ علیہ السّلام کو بہت بڑا علم عطا کیا ۔﴿ وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ وَ سُلَیْمٰنَ عِلْمًاۚ ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے داؤد اور سلیمان کو بڑا علم عطا فرمایا۔ (پ19،النمل:15) سیدنا حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : کہ حضرت داؤد علیہ السّلام اپنے ہاتھ سے کمایا ہوا ہی کھاتے تھے۔ (بخاری ، کتاب البیوع ، باب کسب الرجل وعملہ بیدہ، 2 /11 ، حدیث: 2073)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں بھی انبیائے کرام کے طریقے پر عمل کرنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم