محمد شعیب بن شفیق( درجہ سادسہ جامعۃُ المدینہ فیضان حسن
جمال مصطفی کراچی، پاکستان)
اللہ پاک نے جب آسمان و زمین کی تخلیق فرمائی تو آسمان کو
چاند و سورج سے اور زمین کو پہاڑوں سے مزین فرمایا۔ جب انسان کی تخلیق فرمائی تو
ان میں انبیائے کرام کو تمام اخلاق حسنہ سے مزین فرمایا کہ یہ حضرات دوسرے لوگوں
کو بھی نور ایمان سے مزین کرتے ہیں انہیں میں سے ایک حضرت داؤد علیہ السّلام بھی
ہیں اللہ پاک نے آپ کو کئی صفات عطا فرمائیں، جن میں سے بعض یہ ہیں:
(1) اللہ پاک کی
بارگاہ میں خوب رجوع کرنے والے : آپ علیہ السّلام اللہ پاک کی بارگاہ میں خوب رجوع
،گریہ و زاری و عاجزی کرتے تھے۔ اللہ پاک کا فرمان ہے: ﴿وَ اذْكُرْ عَبْدَنَا
دَاوٗدَ ذَا الْاَیْدِۚ-اِنَّهٗۤ اَوَّابٌ(۱۷)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہمارے نعمتوں والے بندے داؤد
کو یاد کرو بیشک وہ بڑا رجوع کرنے والا ہے۔(پ23،صٓ:17)
(2) پرندوں اور پہاڑوں
کا آپ علیہ السّلام کے ساتھ تسبیح کرنا : اللہ پاک کا فرمان ہے: ﴿اِنَّا سَخَّرْنَا الْجِبَالَ مَعَهٗ یُسَبِّحْنَ بِالْعَشِیِّ وَ
الْاِشْرَاقِۙ(۱۸)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک
ہم نے اس کے ساتھ پہاڑوں کو تابع کردیا کہ وہ شام اور سورج کے چمکتے وقت تسبیح کریں
۔(پ23،صٓ:18)
اور فرمایا: ﴿ وَ الطَّیْرَ
مَحْشُوْرَةًؕ-كُلٌّ لَّهٗۤ اَوَّابٌ(۱۹)﴾ ترجمۂ
کنزُالعِرفان: اور جمع کئے ہوئے پرندے ،سب اس کے فرمانبردار تھے۔ (پ23،صٓ:19) اللہ
پاک نے پرندے حضرت داؤد علیہ السّلام کے تابع کردئیے، پہاڑ اور پرندے سبھی آپ علیہ
السّلام کے فرمانبردار تھے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہُ عنہما سے مروی ہے کہ
جب حضرت داؤد علیہ السّلام تسبیح کرتے تو پہاڑ آپ علیہ السّلام کے ساتھ تسبیح کرتے
اور پرندے بھی آپ علیہ السّلام کے پاس جمع ہو کر تسبیح کرتے۔( مدارک، ص، تحت
الآیۃ: 19، ص1017)
(3) مضبوط سلطنت والے
: اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو سلطنت کے مضبوط کرنے کے ذرائع عطا فرمائے
کہ فرمایا:﴿ وَ شَدَدْنَا مُلْكَهٗ وَ اٰتَیْنٰهُ الْحِكْمَةَ وَ فَصْلَ الْخِطَابِ(۲۰)﴾
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اس کی سلطنت کو مضبوط کیا
اور اسے حکمت اور حق و باطل میں فرق کر دینے والا علم عطا فرمایا۔(پ23،صٓ:20)
(4)اللہ کے خلیفہ : اللہ
پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو زمین میں خلیفہ بنایا کہ فرمایا : ﴿یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰكَ خَلِیْفَةً فِی الْاَرْضِ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے داؤد! بیشک ہم نے تجھے زمین میں (اپنا) نائب
کیا۔( پ23،صٓ:26)
(5)نیک بیٹا پانے والے : اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ
السّلام کو حضرت سلیمان علیہ السّلام عطا فرمائے جو نیک بھی ہیں اور نبی بھی ہیں
فرمایا کہ:﴿وَ وَهَبْنَا لِدَاوٗدَ سُلَیْمٰنَؕ-نِعْمَ الْعَبْدُؕ-اِنَّهٗۤ
اَوَّابٌؕ(۳۰) ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے داؤد کوسلیمان عطا فرمایا،
وہ کیا اچھا بندہ ہے بیشک وہ بہت رجوع کرنے والا ہے۔( پ23،صٓ:30)
اللہ پاک ہمیں انبیائے کرام کے اخلاق کو اپنانے کی توفیق
عطا فرمائے ۔اٰمین