انبیائے کرام علیہم السّلام وہ انسان ہیں جن کے پاس اللہ پاک کی طرف سے وحی آتی ہے اور اُنہیں اللہ پاک مخلوق کی ہدایت اور رہنمائی کے لئے بھیجتا ہے۔ ان میں سے جونئی شریعت لائے انہیں رسول کہتے ہیں۔ اللہ پاک کے کئی انبیائے کرام علیہم السّلام ان دنیا میں حق تعالیٰ کا پیغام لے کر تشریف لائے انہیں میں سے ایک حضرت داؤد علیہ السّلام بھی ہیں۔ جس طرح قراٰنِ کریم میں دیگر انبیائے کرام علیہم السّلام اوصاف کا ذکر آیا ہے اسی طرح حضرت داؤد علیہ السّلام کا بھی تذکرہ قراٰنِ پاک میں موجود ہے۔حضرت داؤد علیہ السّلام کی چند صفات قراٰن کی روشنی میں بیان کی جا رہی ہیں۔ آپ بھی پڑھئے اور علم میں اضافہ کیجئے :

(1) رسول ہونا: حضرت داؤدعلیہ السّلام ان انبیائے کرام علیہم السّلام میں سے ہیں جن کو اللہ پاک نے کتاب عطا فرما کر رسول ہونے کا شرف بخشا۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿وَ لَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ النَّبِیّٖنَ عَلٰى بَعْضٍ وَّ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ زَبُوْرًا(۵۵)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے نبیوں میں ایک کو دوسرے پر فضیلت عطا فرمائی اور ہم نے داؤد کو زبور عطا فرمائی۔(پ15، بنٓی اسرآءیل:55)

(2) علم والا ہونا: اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو کثیر علم عطا فرمایا۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿ وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ وَ سُلَیْمٰنَ عِلْمًاۚ ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے داؤد اور سلیمان کو بڑا علم عطا فرمایا۔ (پ19،النمل:15)

(3) قوت والا ہونا: آپ علیہ السّلام عبادت پر بہت قوت والے اور اپنے رب کی طرف بہت رجوع کرنے والے تھے ۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ اذْكُرْ عَبْدَنَا دَاوٗدَ ذَا الْاَیْدِۚ-اِنَّهٗۤ اَوَّابٌ(۱۷)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہمارے نعمتوں والے بندے داؤد کو یاد کرو بیشک وہ بڑا رجوع کرنے والا ہے۔(پ23،صٓ:17) حضرت عبد الله بن عباس رضی الله عنہما فرماتے ہیں: ذَا الْاَیْدِ سے مراد یہ ہے کہ حضرت داؤد علیہ السّلام عبادت میں بہت قوت والے تھے ۔(خازن، 4/32،صٓ، تحت الآيۃ: 17)

(4) نائبِ باری تعالیٰ: انہیں زمین میں خلافت سے سرفراز کیا گیا، چنانچہ ارشاد فرمایا: ﴿یٰدَاوٗدُ اِنَّا جَعَلْنٰكَ خَلِیْفَةً فِی الْاَرْضِ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے داؤد! بیشک ہم نے تجھے زمین میں (اپنا) نائب کیا۔( پ23،صٓ:26)

(5) فضل والا : اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کو اپنی طرف سے بڑا فضل دیا۔

(6) پہاڑوں اور پرندوں کا تسبیح کرنا: پہاڑ اور پرندے حضرت داؤد علیہ السّلام کے ساتھ تسبیح کرتے۔

(7) لوہے کا نرم ہونا: اللہ پاک نے حضرت داؤد علیہ السّلام کے لئے لوہا نرم فرما دیا۔

مذکورہ بالا تین صفات کا ذکر کرتے ہوئے اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: ﴿ وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ مِنَّا فَضْلًاؕ-یٰجِبَالُ اَوِّبِیْ مَعَهٗ وَ الطَّیْرَۚ-وَ اَلَنَّا لَهُ الْحَدِیْدَۙ(۱۰) ﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے داؤد کو اپنی طرف سے بڑا فضل دیا۔ اے پہاڑو اور پرندو! اس کے ساتھ (اللہ کی طرف) رجوع کرو اور ہم نے اس کے لیے لوہا نرم کردیا۔(پ22،سبا:10) اس کے علاوہ بھی آپ علیہ السّلام کی بہت سی صفات ہیں جن کا تذکرہ اس مختصر میں نہیں ہوسکتا۔

اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم