قرآن کریم اس ربِّ عظیم عزوجل کا بے مثل کلام ہے، جو اکیلا معبود، تنہا خالق اور ساری کائنات کا حقیقی مالک ہے، اللہ تعالی نے جو عظمت و شان قرآن مجید کو عطا کی ہے، وہ کسی اور کلام کو حاصل نہیں، اِرشادِ باری تعالیٰ ہے : ترجمہ کنزالایمان:"اے لوگو بے شک تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے واضح دلیل آ گئی ہے اور ہم نے تمہاری طرف روشن نور نازل کیا۔

قرآن کریم کو پڑھانے کے فضائل کہ جس طرح اِس کو پڑھنے کے فضائل متعدد احادیث و آیات میں وارد ہوئے، اِسی طر ح اِس کو پڑھانے کے فضائل بھی بہت سی احادیث سے ثابت ہیں لہذاحضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ اکرم، نورِ مجسم، شاہِ بنی آدم، رسولِ محتشم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"تم میں سے بہتر شخص وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور سکھایا۔( بخاری)

حکیمُ الامّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کے تحت لکھتے ہیں:" قرآن سیکھنے سکھانے میں بہت وُسعت ہے، قرآن پاک پڑھانے، قرآن پاک کے ہجّے سکھانے والے بہترین لوگ ہیں، مندرجہ بالا حدیثِ مبارکہ کے تحت سب سے بہترین شخص قرآن پاک کی تعلیم دینے والے کو کہا گیا ہے کہ حضرت سیّدنا ابو عبدالرحمٰن سلمی رضی اللہ عنہ مسجد میں قرآن پاک پڑھایا کرتے اور فرماتے" اِسی حدیث مبارکہ نے مجھے یہاں بٹھا رکھا ہے ۔"

( فیض القدیر، جلد3 ، صفحہ618)

حضرت سیّدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم، رحمتِ عالم، نورِ مجسم، شاہِ بنی آدم، رسولِ محتشم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ معظم ہے:" جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے اِس پر عمل کیا، قرآنِ پاک اِس کی شفاعت کرے گا اور جنّت میں لے جائے گا۔"سبحان اللہ عزوجل

حدیثِ مبارکہ میں قرآن پڑھانے اور اِس پر عمل کرنے والے کو جنّت کا انعام ملے گا، جو کہ خوش نصیبی ہے، اِسی طرح ایک اور حدیثِ مبارکہ میں قرآن پاک پڑھانے کے فضائل بیان ہوئے ہیں، چنانچہ حضرت سیّدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس شخص نے قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی کوئی سنّت سکھائی، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کے لیے ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اس سے بہتر ثواب کسی کے لئے بھی نہیں ہوگا۔(جمع الجو امع للسیوطی، ج 7، ص281)

ایک اور حدیث مبارکہ میں ہے کہ"جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قیامت اِس کا اَجر بڑھاتا رہے گا۔"

حضورِ پاک، صاحبِ لولاک، سیّاحِ افلاک صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:" جس نے قرآن کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اس کے لیے ثواب جاری رہے گا۔"

عطا ہو شوق مولٰی مدرسے میں آنے جانے کا

خدایا! ذوق دے قرآن پڑھنے کا، پڑھانے کا

اللہ عزوجل ہمیں قرآن کو پھیلانے اور اسکا فیضان لینے کی توفیق دے ۔اٰمین