درود شریف کی فضیلت:

دو جہاں کے سلطان، محبوب رحمٰن عزوجل صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ مغفرت نشان ہے:"مجھ پر دُرود پاک پڑھنا پُل صراط پر نور ہے ، جو روز ِ جمعہ مُجھ پر 80 بار درود پاک پڑھے، اس کے اسّی سال کے گناہ معاف ہو جائیں گے۔"

یہی ہے آرزو تعلیمِ قرآں عام ہوجائے

ہر اِک پرچم سے اونچا پرچمِ اسلام ہو جائے

بہترین شخص:

نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے "تم میں بہترین شخص وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔"

قرآن پاک اللہ عزوجل کا کلام ہے ، اس کا پڑھنا ، پڑھانا اور سننا، سنانا سب ثواب کا کام ہے، قرآن پاک کا ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:"جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اُس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہوگی، میں نہیں کہتا المّ ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔

قرآن پاک شفاعت کے جنت میں لے جائے گا :

1۔حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اُس پر عمل کیا، قرآن پاک اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔"

آیت یا سنت سکھانے کی فضیلت:

2۔حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس شخص نے قرآن مجید کی ایک آیت یا دین کی کوئی سُنت سکھائی، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کے لیے ایسا ثواب تیار فرمائے گا کہ اِس سے بہتر ثواب کسی کے لیے بھی نہیں ہوگا۔

3۔"جس نے قرآنِ عظیم کی ایک آیت سکھائی، جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی، اُس کے لیے ثواب جاری رہے گا۔"

4۔"جس شخص نے کتاب اللہ کی ایک آیت سکھائی یا علم کا ایک باب سکھایا، اللہ عزوجل تا قِیامت اس کا اَجْر بڑھاتا رہے گا۔"

جب قرآن پاک سکھانے کے اس قدر فضائل ہیں تو چاہئے کہ سب پہلے دُرست مخارج کے ساتھ خود قرآن پڑھنا سیکھیں، پھر دوسروں کو بھی سکھائیں کہ سکھانے پر زیادہ ثواب کا حقدار بنے گا۔