حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اسماء دو طرح کے  ہیں: ذاتی ،صفاتی۔ آپ کے ذاتی اسماء صرف دو ہیں :محمد، احمد۔ان کے علاوہ بقیہ تمام اسماء صفاتی ہیں۔ جن کی تعداد معین نہیں ۔حتی کہ اعلحضرت رحمۃُ اللہِ علیہ نے فرمایا: میں نے 1400 اسماء جمع کئے۔

ویسے تو قرآن پاک کے مختلف مقامات میں حضور علیہ الصلاۃ والسلام کی تعریف بیان کی گئی بلکہ پورا قرآن ہی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف حمیدہ سے بھرا ہوا ہے ۔ لیکن جن مقامات میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اسماءجمیلہ کے ساتھ آپ کی تعریف بیان کی گئی ان میں سے 10 مقامات درج ذیل ہیں:

(1) احمد (سب سے زیادہ حمد کرنے والا):حضور صلی اللہ علیہ وسلم تمام مخلوق سے بڑھ کر اللہ پاک کی حمد کرنے والے ہیں اسی لئے آپ کو احمد فرمایا گیا۔

(2) نور:حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اس نام کے متعلق خورحدیث مبارکہ میں ارشاد فرمایا : اللہ پاک نے سب سے پہلے جس چیز کو پیدا فرمایا وہ میرا نور ہے۔

(3) منیر(روش کرنے وا لے):اس لئے کہ زمیں و آسمان چاند سورج بلکہ تمام کائنات کی ہر ہر روشنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نور ہی کے صدقے ہے۔

(4) مبین( بیان فرمانے والے):یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ پاک نے جتنے احکام امت کو پہنچانے کے لئے دئیے وہ تمام آپ صلی اللہ علیہ وسلّم نے اپنی امت کو بیان فرما د یے ۔

(5)رؤوف(نہایت مہربان)

(6) رحیم(رحم فرمانے والے):پارہ 11 سورۃ توبہ میں الله پاک نے فرمایا:یہ رسول مسلمانوں پر نہایت مہربان رحم فرمانے والے ہیں۔

آپ تو مؤمنین پر اس قدر رحیم ہیں کہ خود فرماتے ہیں:اللہ پاک نے مجھے تین سوال عطا فرمائے (یعنی جو مانگو پاؤ گے) تو میں نے دو مرتبہ دنیا میں اپنی امت کے لئے مغفرت طلب کرلی جبکہ ایک سوال میں نے اپنی امت کی مغفرت کا آ خرت کے لئے رکھ لیا۔(مسلم، ص:409، حدیث: 273 )

(7) شاهد (حاضر):کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہروقت ہر جگہ اپنی امت کو بلکہ تمام کائنات کو ایسے ملاحظہ فرما رہے ہیں جیسے آپ خود وہاں حاضر ہیں۔

اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :

اور کوئی غیب کیا تم سے نِہاں ہو بھلا

جب نہ خُدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں دُرُود

(8) کريم (سخی):حضورصلی الله علیہ وسلم کی سخاوت کا تو یہ عالم ہے کہ کوئی بھی آپ کے در سے خالی نہیں جاتا۔

کریم ایسا ملا کہ جس کے

کھلے ہیں ہاتھ اور بھرے خزانے

(9) طہ

(10) یس:علما نے فرمایا:کہ یہ الفاظ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صفاتی نام ہیں ۔

طه کا معنی، طاہر(پاک) اورهادی (ھدایت دینے والا ) ہے۔اور یس کا معنی یا سید الانس والجن( اے جن و انس کے سردار )

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں ان پیارے پیارے ناموں کی برکت سے پیارے آقا صلى الله علیہ وسلم کی پیاری سیرت اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاه خاتم النبيين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم