اللہ پاک نے قرآن پاک میں بے شمار مقامات پر حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی شان اور صفات بیان فرمائیں ۔جس طرح حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی صفات بے شمار ہیں اسی طرح شاہِ بنی آدم حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے اسماء مبارکہ بھی قرآن پاک میں بظاہر بے شمار ہیں چناچہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:میرے بہت نام ہیں ۔

حضرت جبیر بن مطعم سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ میرے بہت نام ہیں میں محمد ہوں ،میں احمد ہوں،محو کرنے والا ہوں کہ اللہ میرے ذریعے کفر محو فرمائے گا اور میں جامع ہوں کہ لوگ میرے قدموں پر جمع کیے جائیں گے اور میں عاقب ہوں عاقب وہ جس کے بعد کوئی نبی نہیں۔ (مشکوٰة المصابیح ، 8 / 52 حدیث : 5522)

اللہ پاک نے جو قرآن پاک میں حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے نام بیان فرمائے ان میں سے بعض یہ ہیں :

(1) خاتمُ النبیّن ( سب نبیوں سے پچھلے ) ۔(پ 22، احزاب :40)

(2) رحمةُللعٰلمین (سارے جہان کے لیے رحمت ) ۔(پ 17،الانبیاء:107)

(3) شاھدُ (حاضر و ناظر) ۔(پ 26،الفتح:8)

(4) مبشّر (خو شخبری دینے والا) ۔(پ 26،الفتح:8)

(5)نذیرُ (ڈرسنا نے والا) ۔(پ 26،الفتح:8)

(6) مزّمل (جھرمٹ مارنے والا)۔(پ 29، مزمل :1)

(7)مدّثر (بالا پوش اوڑھنے والا)۔(پ 29، المدثر :1)

(8) احمدُ (وہ حمد والا ہوا)۔(پ 28، الصف :6)

(9) رسول ُاللہ (اللہ کے رسول )۔(پ 22، احزاب :40)

(10) نورُ (نورانیت والے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم) ۔(پ 6،المائدہ:15)