دعا اللہ رب العزت سے مناجات کرنے، اس کی قربت حاصل کرنے،
اس کے فضل و انعام کے مستحق ہونے اور بخشش و مغفرت کا پروانہ حاصل کرنے کا نہایت
آسان اور مجرب ذریعہ ہے۔ دعا مومن کا ہتھیار، دین کا ستون اور زمین و آسمان کا
نور ہے ۔ دعا عبادت کا مغز ہے ۔ دعا اللہ رب العزت کے لشکروں میں سے ایک لشکر ہے ۔
دعا اللہ رب العزت کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی متوارث سنت، اس کے نیک بندوں کی متواتر عادت
اور گناہگار بندوں کے حق میں ایک بہت بڑی نعمت و سعادت ہے ۔
اللہ رب العزت نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا: ادْعُوْنِیْۤ
اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ
سَیَدْخُلُوْنَ جَهَنَّمَ دٰخِرِیْنَ۠(۶۰) ترجَمۂ
کنزُالایمان:اور تمہارے رب نے فرمایا مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا بےشک وہ جو
میری عبادت سے اونچے کھنچتے(تکبر کرتے) ہیں عنقریب جہنم میں
جائیں گے ذلیل ہوکر۔(پ24،المؤمن:60)
یہاں عبادت سے مراد دعا ہے ۔ اس آیت سے معلوم
ہوا کہ اللہ رب العزت سے دعا مانگنی چاہیے۔ کیونکہ دعا نہ کرنے والوں پر اللہ رب
العزت غضب فرماتا ہے۔ جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا: جو آدمی اللہ تعالی سے سوال نہ کرے تو اللہ تعالی اس پر غضب فرماتا ہے ۔
اللہ رب العزت قرآن پاک
میں ارشاد فرماتا ہے: اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا
دَعَانِۙ-فَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ ترجَمۂ
کنزُالایمان: دعا قبول کرتا ہوں پکارنے والے کی جب مجھے پکارےتو انہیں چاہیے میرا حکم مانیں۔(پ2،البقرۃ:186)
اللہ رب العزت کے کرم سے کبھی مانگی ہوئی چیز فوراً مل جاتی
ہے اور کبھی کسی حکمت کی وجہ سے تاخیر سے ملتی ہے۔ کبھی دعا کرنے والے میں صدق و
اخلاص کی کمی کی وجہ سے منہ مانگی مراد نہیں ملتی۔ جس طرح اللہ رب العزت کے نیک
اور مقبول بندوں کی دعا قبول ہوتی ہے اسی طرح چند مقامات ایسے ہیں جہاں دعا قبول
ہوتی ہے۔ ان میں سے 15 مقامات اجابت یہ ہیں: (1)مطاف (یہ وسط مسجد الحرام میں ایک
گول قطعہ ہے جہاں طواف کرتے ہیں)(2)بیت اللہ شریف کی عمارت کے اندر(3)زیر میزاب
(سونے کےپرنالے کے نیچے)(4)رکن یمانی (5) مقام ابراہیم کے پیچھے(6)آب زمزم کے کنویں
کے پاس(7)صفا و مروہ اور مقام سعی(8) عرفات(9)منٰی(10)منبر اطہر کے پاس(11)مسجد
قبا شریف(12)جبل احد(13)مزار امام موسی کاظم رضی اللہ عنہ (امام شافعی رحمۃ اللہ
علیہ فرماتے ہیں کہ یہ دعا کے قبول ہونے میں تجربہ شدہ عمل ہے)(14)مزار سیدنا غوث
اعظم رضی اللہ عنہ(15)مزار سیدنا معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ ( علامہ زرقانی رحمۃ
اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ وہاں اجابت مجرب ہے۔کہتے ہیں کہ100 بار سورۂ اخلاص وہاں پڑھ کر جو چاہے اللہ رب العزت سے
مانگے، حاجت پوری ہو۔
مزید قبولیت دعا کے مقامات، اوقات اور قبولیت دعا کی شرائط
کے بارے میں جاننے کے لئے کتاب ”فضائل دعا
“کا مطالعہ نہایت مفید ہے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں دونوں جہان کی بھلائیاں
نصیب فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم