رمضان عطّاری(درجہ ثانیہ جامعۃُ
المدینہ فیضانِ فاروقِ اعظم، مالیگاؤں، مہاراشٹرا)
قراٰن و حدیث میں دعا کی بہت فضیلت
بیان ہوئی ہے اللہ پاک نے قراٰنِ مجید میں جگہ جگہ اپنے بندوں کو دعا کی تلقین
فرمائی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک فرماتا ہے:﴿ اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِۙ ﴾ترجَمۂ کنزُالعرفان: میں دعا کرنے والے کی دعا
قبول کرتا ہوں جب وہ مجھ سے دعا کرو۔(پ2،البقرۃ: 186)اورفرماتا ہے:﴿ ادْعُوْنِیْۤ
اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ﴾ترجَمۂ کنزُالایمان: مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔ (پ 24، المؤمن:60)
پیارے آقا
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ارشاد فرماتے ہیں: دعا مسلمانوں کا ہتھیار ہے، اور دین کا ستون اور
آسمان و زمین کا نور ہے۔ (مستدرک،2/669، حدیث:1812) رسولِ اعظم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اللہ پاک فرماتا ہے: اے فرزند آدم! تو جب تک مجھ سے دعا
کرتا اور میرا امید وار رہے گا، میں تیرے گناہ کیسے ہی ہوں معاف فرماتا رہوں گا
اور مجھے کچھ پرواہ نہیں۔ (ترمذی، 5/318، حدیث: 3551)
محترم قارئین! اب آئیے ہم قبولیتِ دعا کے مقامات
(یعنی ایسی جگہیں جہاں دعا رد نہیں کی جاتی بلکہ قبول کی جاتی ہے) پر بھی نظر
ڈالتے ہیں:
(1)جہاں کہیں
سے کعبہ شریف نظر آئے وہ جگہ بھی مقامِ قبولیت ہے۔(فضائل دعا،
ص 132)(2)مسجدِ نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (3)مکانِ استجابتِ دعا،
جہاں ایک مرتبہ دعا قبول ہو وہاں پھر دعا کرے(4)اولیا و علما کی مجالس میں بھی دعا
قبول ہوتی ہے (5)مزارِ مطہر امامِ اعظم ابو
حنیفہ رضی اللہُ عنہ کے پاس۔ حضرت امام شافعی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: مجھے جب کوئی حاجت پیش آتی
ہے دو رکعت نماز پڑھتا اور قبرِ امامِ ابو حنیفہ کے پاس جاکر دعا مانگتا ہوں، اللہ
پاک رَوا (پوری) فرماتا ہے۔(الخیرات الحسان، ص157) (6)مسجدِ قُبا شریف میں(7)جبلِ اُحُد شریف (یعنی اُحُد پہاڑ) (8)مزارِ مبارک
امام موسیٰ کاظم رضی اللہُ عنہ۔ امام شافعی رحمۃُ
اللہِ علیہ فرماتے ہیں: وہ(مزار موسیٰ کاظم) استجابتِ دعا کے لئے تِریاقِ مُجرَّب
ہے۔(یعنی دعا کے قبول ہونے میں نہایت تجربہ شدہ عمل ہے)۔(لمعات التنقیح، 4/215) (9)تربتِ(قبر،
مزار) حضور سیّدُنا غوثِ اعظم رضی اللہُ عنہ (10)مزارِ فائض الانوار سیّدُنا معروف
کرخی رضی اللہُ عنہ۔ آپ رضی اللہُ عنہ کی قبرِ اطہر کے توسل سے لوگ شفا یاب ہوتے
تھے، اہلِ بغداد کہا کرتے تھے: آپ کا مزارِ اقدس (حصول شفا اور اجابت دعا کیلئے)
تریاق مجرب ہے۔ (الرسالۃ القشیریۃ، ص26) (11)مرقدِ
مبارک (مزارِ مبارک) حضرت خواجہ غریب نواز معین الدّین چشتی اجمیری رحمۃُ
اللہِ علیہ (12)مزارات بقیع و اُحُد (13)صفا (14)مروہ (15)اسی طرح تمام اولیا،
صلحا و محبوبانِ خدا کی بارگاہیں، خانقاہی آرام گاہیں۔
اللہ پاک سے
دعا ہے کہ ہمیں ان تمام مقامات پر دعا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نوٹ:اس مضمون میں کتاب فضائلِ دعا سے بھی کافی استفادہ کیا
گیا ہے۔