دعا کی فضیلت و اہمیت: ہر انسان پہ کبھی نہ کبھی ایسا وقت آتا ہے کہ اسے دوسروں سے مدد کی ضرورت پڑتی ہے۔ کچھ لوگ مدد کرنے پر قادر ہوتے ہیں اور کچھ کر دیتے ہیں۔ کچھ مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن اسباب نہیں ہوتے تو پھر وہ لوگ یہ کہتے ضرور سنائی دیتے ہیں کہ میں تمہارے لیے دعا ضرور کر دوں گا کیونکہ دعا کرنے پر تو خرچہ نہیں آتا اس کا مطلب یہ ہوا کہ دعا کے بارے میں یہ پختہ تصور ہے کہ جب کوئی بھی مدد نہ کر سکے تو دعا ضرور اثر دکھاتی ہے اور خاص طور پر اس وقت جب دل ٹوٹ چکا ہو بے قراری بہت بڑھ گئی ہو دل کی کیفیت بہت اضطراری ہو جب بندہ ہر طرف سے مایوس ہو جاتا ہے تو پھر ایک ہی در ایسا ہے جہاں سے کبھی کوئی خالی لوٹا ہی نہیں اور اپنے ناتواں  بندے کو وہ ذات خود پکارتی ہے: ادْعُوۡنِیۡۤ اَسْتَجِبْ لَکُمْترجمہ :مجھ سے دعا مانگو میں قبول فرماؤں گا ۔(پارہ 24، المومن 60)اور آگے نبی محترم ،شافع ِامم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم اپنے رب کریم سے نقل فرماتے ہیں:اے فرزندِ آدم !تو جب تک مجھ سے دعا کرتا اور میرا امیدوار رہے گا میں تیرے گناہ کیسے ہی ہو معاف فرماتا رہوں گا اور مجھے کچھ پروا نہیں۔(اس حدیث کو امام ترمذی نے حضرت انس رضی اللہ عنہسے روایت کیا )اب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ دعا کہاں مانگی جائے قبولیت میں شک ہی نہ رہے ویسے تو بندہ جہاں بھی ہو لب نہ بھی کھلے جب دل سے تڑپ کے دعا نکلتی ہے تو عرش ِاعظم کو ہلا دیتی ہے مگر کچھ خاص مقامات بھی ہیں جہاں دعا ضرور ہوتی ہے: 1: ملتزم :یہ حجر ِاسود اور بابِ کعبہ کے درمیان واقع ہے یہ وہ مقام ہے جہاں لوگ لپٹ لپٹ کر دعائیں مانگتے ہیں

ملتزم سے تو گلے لگ کے نکالے ارماں ادب و شوق کایاں باہم الجھنا دیکھو

2: حجر ِاسود یہ وہ خیر خواہ مبارک پتھر ہے جو گناہ گار کے گناہ چوس کر اس کے گناہوں کی سیاہی اپنے اندر جذب کر کے مسلمانوں کو گناہوں سے پاک کر دیتا ہے اور بروز ِقیامت مومن کے ایمان کی گواہی بھی دے گا۔ 3:حطیم ِکعبہ: اس میں داخل ہونا عین کعبہ شریف کے اندر ہی داخل ہونا ہے ۔4:زم زم شریف کے کنویں کے پاس ۔5:نظر گاہ ِکعبہ یعنی جہاں کہیں سے کعبہ شریف نظر آئے وہ جگہ بھی مقامِ قبولیت ہے ۔6:مسجد نبوی 7: مواجہہ شریف حضور رحمت اللعالمین یہ وہ مقام مقدس ہے جہاں پہنچتے ہی پہلی خوشخبری یہ ملتی ہے کہ بندہ شفاعت کا حق دار ہو جاتا ہے۔ ایک اعرابی حضور صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے وصال ِظاہری کے بعد تربتِ اطہر پر حاضر ہوا ،سر پہ مٹی ڈال کر بخشش کا طلب گار ہوا تو منبر ِمبارک سے آواز آئی: تحقیق تیرے گناہ بخش دئیے گئے۔ 8:منبرِ اطہرکے پاس 9:قباء شریف میں 10:جبل ِاحد شریف 11:اولیاء و علماء کی مجلس :حدیث ِقدسی ہے: یہ وہ لوگ ہیں کہ ان کے پاس بیٹھنے والا بدبخت نہیں رہتا۔ 12:مزار ِاقدس امام ِاعظم ابو حنیفہ کے پاس 13: تربت ِسراپا برکت حضور غوث ِاعظم کے پاس 14:مزار ِمقدس داتا علی ہجویری یہاں سے اکثر عاشقوں کو مدینے کا ٹکٹ نصیب ہوتا ہے15: مرقدِ مبارک حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیری یہ وہ مقدس مزار ہے جہاں ہندو بھی دعائیں پوری کروا کے جاتے ہیں۔ آخر میں ضرور کہوں گی کہ اللہ پاک کو ہم سے کس قدر محبت ہو گی جس کا اظہار محبوب کی امت میں پیدا فرما کر کر دیا اور پھر بہانے بنا دیے کہ دعا ایسے مانگو وسیلے سے مانگو بس مانگنا تمہارا کام ہے عطا کرنا ہمارا کام ہے اللہ پاک اخلاص نصیب فرمائے۔ آمین