مسلمانوں کا بنیادی اور مسلمہ عقیدہ ہے کہ حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ پاک کے آخری نبی ہیں ،  آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانے میں یا آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں آسکتا۔عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت اور فتنہ قادیانیت کے رد پر پاکستان میں ہر سال 7ستمبر کو یو م تحفظ عقیدہ ختم نبوت منایا جاتا ہے، کیوں کہ اسی دن پاکستان میں علمائے اہل سنت کی کوششوں سے قومی اسمبلی میں قادیانیوں کو آئینی و قانونی سطح پر بھی غیر مسلم قراردیا گیا۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم (پاکستان )کے تمام کیمپسز میں بھی یوم تحفظ عقیدہ ختم نبوت منایا گیا۔ اساتذہ نے اس دن کی مناسبت سے طلبہ کو عقیدہ ختم نبوت سےمتعلق آیات قرآنی اور احادیث مبارکہ یاد کروائیں ،انھیں اس عقیدے سے متعلق آگاہی دی گئی اور اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔

اس موقع پر طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں عقیدہ ختم نبوت سے متعلق مختلف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن میں قرآنی آیات، احادیث مبارکہ اور نعرے درج تھے۔ طلبہ نے مذکورہ عقیدے سے متعلق امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے لکھے ہوئے نعرے بھی لگائے اور مختلف سرگرمیاں بھی پیش کیں۔) غلام محی الدین ترک ،اردو کانٹینٹ رائیٹر(مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی)