انسان چونکہ اشرف المخلوقات اور کائنات میں اللہ تعالیٰ کا نائب ہے۔ اس لیے اسے بہت سے فرائض سونپے گئے ہیں۔ ان میں اولاد کی تربیت سب سے اہم فریضہ ہے۔اللہ رب العزت قیامت کےدن اولاد سےوالدین کے متعلق سوال کرنے سےپہلے والدین سےاولاد کےمتعلق سوال کرے گا۔ کیونکہ جس طرح والدین کے اولاد پر حقوق ہیں اسی طرح اولاد کےوالدین پر حقوق ہیں اور جیسے اللہ تعالیٰ نے ہمیں والدین کےساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے ایسے ہی اس نے ہمیں اولاد کےساتھ احسان کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ بچوں کے ساتھ احسان اور ان کی بہترین تربیت کرنا دراصل امانت صحیح طریقے سے ادا کرنا ہے اورانکو آزاد چھوڑنا اور ان کے حقوق میں کوتاہی کرنا دھوکہ اور خیانت ہے۔

اولاد کے حقوق میں سے کچھ حقوق درج ذیل ہیں:

جب بچہ پیدا ہو تو سب سے حق یہ ہے کہ اس کے کان میں اذان دینا۔

عقیقہ کرنا بچے کے پیدا ہونے کے ساتویں دن یا اس کے بعد جو جانور اس کے حوالے سے ذبح کیا جاتا ہے اسے عقیقہ کہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے عقیقے کی تاکید فرمائی ہے حدیث مبارکہ میں ہے کہ ہر بچہ اپنے عقیقے کے ساتھ گروی ہے، اس کی طرف سے سات دن ذبح کیا جائے اور بچے کا نام رکھا جائے۔ (ابو داود، 3/141، حدیث: 2837)

اچھے نام کا انتخاب کرنا والدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ ان کا اچھا نام منتخب کریں اور رکھیں آپ ﷺ نے فرمایا کہ باپ پر بچے کا یہ بھی حق ہے کہ اس کا اچھا نام رکھے اور اس کو حسن ادب سے راستہ کرے۔(شعب الایمان، 6/400، حدیث: 8658)

ختنہ کروانا، اسلامی تعلیم و تربیت کرنا، حضرت ایوب رضی اللہ عنہ اپنے والد اور اپنے دادا کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اچھی تربیت سے بڑھ کر کوئی بہترین تحفہ نہیں جو باپ اپنی اولاد کو دے سکتا ہو۔(ترمذی، 3/383، حدیث: 1959)

اولاد کے درمیان عدل و انصاف کرنا یعنی بیٹوں اور بیٹیوں میں فرق نہ کیا جائے بلکہ بیٹیوں کو بھی بیٹوں کی طرح ہر چیز میں برابر حصہ دیا جائے۔ ان کو روزگار کے لائق بنانا تاکہ بڑے ہونے پر وہ خود کما سکیں اور لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچ سکیں۔ ان کی غلطیوں کی نشاندہی کرنا تاکہ انہیں صحیح اور غلط کی پہچان ہو۔ بالغ ہونے پر مناسب جگہ شادی کرنا۔ ان کے لیے دعائے خیر کرنا۔ چنانچہ نبی کریم ﷺ حضرت حسن و حسین رضی اللہ عنہما کو گود میں لے کر دعاکرتے تھے کہ اے اللہ! میں ان سے محبت کرتاہوں تو بھی ان سے محبت کر۔

آخر میں اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں اپنے تمام حقوق بروقت ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین