اللہ پاک نے ہم پر بہت بڑا احسان کیا ہے کہ ہمیں جمعہ  عطا فرمایا ہے اس کے بے شمار فضائل ہیں چند احادیث پیش خدمت ہیں: (1) حدیث پاک میں ہے جو جمعہ کو ناخن ترشوائے وہ اگلے جمعے تک بلاؤں سے محفوظ رہے گا ۔(بہار شریعت حصہ 16 ص 226(

آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جمعہ مساکین کا حج ہے اور دوسری روایت میں ہے کہ جمعہ غریبوں کا حج ہے۔(جمع الجوامع للسیوطی ،4/ 84)

حضور نے ارشاد فرمایا: بلا شبہ تمہارے لئے جمعہ میں حج اور عمرہ ہے، جمعہ کیلئے جلدی جانا حج ہے اور عصر کی نماز کا انتظار کرنا عمرہ ہے۔(احیاءالعلوم ،1/ 249)

رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جمعہ تمام دنوں کا سردار ہے اور اللہ کے نزدیک سب سے بڑا ہے اور وہ اللہ کے نزدیک عید الاضحیٰ اور عید الفطر سے بڑا ہے اس میں پانچ خصلتیں ہیں: (1) اللہ پاک نے اس میں حضرت آدم کو پیدا کیا (2)اسی میں انہیں زمین پر اتارا (3) اسی میں انہیں وفات دی(4)اسی میں ایک گھڑی ایسی ہے کہ بندہ جو مانگے اللہ پاک دے گا جب تک کہ بندہ حرام کا سوال نہ کرے (5) اور اسی میں قیامت قائم ہو گی۔) سنن ابن ماجہ ،2/ 8)

سردار مکہ مکرمہ تاجدار مدینہ منورہ آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جمعہ میں ایک ایسی گھڑی ہے جو مسلمان اس میں کچھ مانگے تو اللہ پاک ضرور عطا کرے گا اور وہ گھڑی مختصر ہے۔(صحیح مسلم، ص 424)