جمعہ کی فضیلت:
ہم مسلمان خوش قسمت ہیں کہ اللہ پاک نے ہمیں جمعۃالمبارک جیسی نعمت عطا کر
کے ہم پر اپنا احسان فرمایا، جمعہ صرف ایک دن ہی نہیں، بلکہ سب دنوں کا سردار ہے، یومِ
عید ہے، جمعہ کے روز جہنم کو آگ نہیں سلگائی جاتی، جمعہ کی رات دوزخ کے دروازے نہیں
کھلتے اور جمعہ کے روز مرنے والا مسلمان شہید کا رتبہ پاتا ہے۔
جمعہ کے معنی:
حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:حضرت
آدم علیہ السلام کی مٹی اسی دن جمع ہوئی، نیز اس دن لوگ جمع ہو کر نماز جمعہ ادا کرتے ہیں،
اس لئے اسے جمعہ کہتے ہیں۔(مرآۃالمناجیح،
جلد 2، صفحہ 317)
فرامینِ مصطفی:جمعہ کے دن کے ساتھ ساتھ نماز جمعہ کے بھی
بے شمار فضائل ہیں، چنانچہ
1۔غریبوں کا حج:
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
حضور صلی اللہُ علیہ
و اٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جمعہ
کی نماز مساکین کا حج ہے اور دوسری روایت میں ہے کہ جمعہ کی نماز غریبوں کا حج ہے۔(ابن عساکر، جامع صغیر، جلد 1، صفحہ 145)
2۔سلطانِ دو جہاں صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا فرمان عالی
شان ہے: جس نے جمعہ کی نماز پڑھی، اس دن کا روزہ رکھا، کسی مریض کی عیادت کی، کسی
جنازہ میں حاضر ہوا اور کسی نکاح میں شرکت کی تو اس کے لئے جنت واجب ہوگئی۔(معجم کبیر، جلد 8، صفحہ 97، ح7484)
3۔پیارے پیارے آقا صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
جو جمعہ کے دن نہائے، اس کے گناہ اور خطائیں مٹا دی جاتی ہیں اور جب چلنا شروع کیا(نماز کے لئے) تو ہر
قدم پر بیس نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔(فیضان نماز،
صفحہ 126)
4۔اللہ پاک کے آخری رسول صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا؛بلاشبہ
تمہارے لئے ہر جمعہ کے دن میں ایک حج ہے اور ایک عمرہ موجود ہے، لہذا جمعہ کے لئے
جلدی نکلنا حج ہے اور جمعہ کی نماز کے بعد عصر کی نماز کے لئے انتظار کرنا عمرہ
ہے۔(السنن الکبری للبیہقی، حدیث 5900، ج3، ص342)
5۔مصطفی جانِ رحمت صلی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلم کا ارشاد ہے:جب
جمعہ کا دن آتا ہے تو مسجد کے دروازے پر فرشتے آنے والے کو لکھتے ہیں، جو پہلے آئے
اس کو پہلے لکھتے ہیں، جلدی آنے والا شخص اس کی طرح ہے، جو اللہ پاک کی راہ میں ایک
اونٹ صدقہ کرتا ہے اور اس کے بعد آنے والا اس شخص کی طرح ہے، جو ایک گائے صدقہ
کرتا ہے، اس کے بعد والا شخص اس کی مثل ہے، جو مینڈھا صدقہ کرے، پھر اس کی مثل ہے
جو مرغی صدقہ کرے، پھر اس کی مثل ہے جو انڈا صدقہ کرے اور امام خطبے کے لئے بیٹھ
جاتا ہے تو فرشتے اعمال ناموں کو لپیٹ لیتے ہیں اور آکر خطبہ سنتے ہیں۔(بخاری، جلد 1، صفحہ 319، حدیث 929)
جمعۃ المبارک کی
نماز اور جمعہ کے دن کے فضائل بے شمار ہیں، قرآن پاک میں جمعہ کے متعلق سورۃ
الجمعہ کے نام سے سورۃ ہے، اس کے علاوہ جمعہ کے دن زیارتِ قبور، ناخن کاٹنے، سورہ یسین
و کہف پڑھنے کے فضائل و برکات ہیں۔