(1) حضرت سیدنا عمارہ بن رُوَیبہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے مصطفی جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا:" جس نے سورج کے طلوع و غروب ہونے (یعنی نکلنے اور ڈوبنے) سے پہلے نماز ادا کی( یعنی فجر و عصر کی) وہ ہرگز جہنم میں داخل نہ ہوگا۔( مسلم ،ص 255،حدیث:1436)

(2) حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو نماز عشاء جماعت سے پڑھے گویا اس نے آدھی رات قیام کیا اور جو فجر جماعت سے پڑھے گویا اس نے پوری رات قیام کیا ۔(مسلم ،ص 258،حدیث:1491)

(3) حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میرے آقا تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عبرت نشان ہے: جو صبح کی نماز کو گیا ایمان کے جھنڈے کے ساتھ گیا اور جو صبح بازار کو گیا شیطان کے جھنڈے کے ساتھ گیا۔( ابن ماجہ 3/53،حدیث:2234)

(4) حضرت سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ بارگاہ رسالت میں ایک شخص کے متعلق ذکر کیا گیا کہ وہ صبح تک سوتا رہا نماز کے لئے نہ اٹھا آپ علیہ الصلاۃ والسلام نے ارشاد فرمایا: اس شخص کے کان میں شیطان نے پیشاب کر دیا ۔(بخاری 1/388،حدیث:1144)

(5) حضرت سیدنا ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جمعہ کے دن پڑھی جانے والی فجر کی نماز باجماعت سے افضل کوئی نماز نہیں میرا گمان ہے کہ تم میں سے جو اس میں شریک ہو گا اس کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔(معجم کبیر 1/156،حدیث:366)