اللہ پاک کابہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں مسلمان بنایا اور نماز پنجگانہ فرض فرمایا۔ نماز پنجگانہ اللہ پاک کی وہ نعمت عظمیٰ ہے کہ اس نے اپنے کرمِ عظیم سے خاص ہم کو عطا فرمائی ۔ہم سے پہلے کسی امت کو نہ ملی۔ ہر مسلمان عاقل، بالغ، مردو عورت پر روزانہ پانچ وقت کی نماز فرض ہے۔ اس کی فرضیت کا انکار کفر ہے۔ جو جان بوجھ کر ایک نماز ترک کرے وہ فاسق سخت گناہ گارو عذاب نار کا حقدار ہے۔

حضرت سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اللہ پاک نے کوئی ایسی چیز فرض نہ کی جو توحید و نماز سے بہتر ہو۔ اگرا ِس سے بہتر کوئی چیز ہوتی تو وہ ضرور فرشتوں پر فرض کرتا۔ اِن(یعنی فرشتوں ) میں کوئی رُکوع میں ہے کوئی سجدے میں ۔ (فیضان نماز ص 37)

حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے صبح کی نماز ادا کی وہ اللہ پاک کی حفاظت میں ہے، پس دیکھ ابن آدم کہیں اللہ پاک تجھ سے اپنے ذمہ کے بارے میں کچھ پوچھ گچھ نہ کرے بیشک اس نے جس سے اپنے ذمہ کے بارے میں پوچھ لیا وہ پکڑا گیا ۔پھر اسے اوندھے منہ جہنم کی آگ میں ڈالا جائے گا ۔(ریاض الصالحین حدیث :1061)

حضرت سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جس نے وضو کیا اور مسجد میں حاضر ہوا اور فجر سے پہلے دو رکعتیں پڑھیں اور فجر کی نماز تک بیٹھا رہا تو اس کی اس دن کی نماز نیک لوگوں کی نماز میں شمار ہوگی اور اسے رحمٰن عزوجل کے وفد یعنی مہمانوں میں لکھا جائے گا۔( جنت میں لے جانے والے اعمال، ص 90)

حضرت جریر بن عبداللہ بجلی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کی بارگاہ میں حاضر تھے آپ نے چودویں رات کی چاند کی طرف دیکھا اور فرمایا عنقریب تم اپنے رب کو اس طرح دیکھو گے جس طرح اس چاند کو دیکھ رہے ہو ۔اس کے دیدار میں کوئی دقت نہ ہو گی پس اگر تم سورج کے طلوع ہونے سے پہلے کی نماز اور سورج کی غروب ہونے سے پہلے کی نماز میں مغلوب نہ ہو سکو تو ایسا کرو (ان نمازوں کو ادا کرو )۔(ریاض الصالحین حدیث :1063)

حضرت سیدنا عمارہ بن رویبہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے مصطفی جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: جس نے سورج کے طلوع و غروب ہونے سے پہلے نماز ادا کی وہ ہرگز جہنم میں داخل نہ ہوگا۔( صحیح مسلم حدیث :1436)

اُم ّالمؤمنین صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے فرماتی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہا سے بہتر ہیں ۔(صحیح مسلم، حدیث: 725،ص:365)