فجر ہر روز پڑھی جانے والی نمازوں میں سے ایک نماز ہے جو اللہ پاک کو سب سے زیادہ پسند ہے۔نماز فجر کا وقت نور،برکت اور روحانی برکات کا وقت ہے۔نماز فجر کا وقت ایک بابرکت وقت ہے اور نیند کےضائع ہونےکے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ صحیح روحانی مشق کے ساتھ انسانی جسم اور دماغ باقی دن کے لئے زندگی کی توانائی اور قوت سے مستعد ہو جاتے ہیں۔

قرآن مجید کی روشنی میں نماز فجر کی اہمیت:

قرآن پاک میں اللہ پاک نے نمازفجر کی اہمیت کے بارے میں فرمایا:اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِدُلُوْكِ الشَّمْسِ اِلٰى غَسَقِ الَّیْلِ وَ قُرْاٰنَ الْفَجْرِؕ-اِنَّ قُرْاٰنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُوْدًا(۷۸)ترجَمۂ کنزُالایمان:نماز قائم رکھو سورج ڈھلنے سے رات کی اندھیری تک اور صبح کا قرآن بےشک صبح کے قرآن میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں ۔(پ 15،بنی اسرائیل:78)

احادیث کی روشنی میں نماز فجر کی اہمیت:

جہنم سے نجات:فجر اور عصرکی نماز پڑھنے والے جہنم میں داخل نہیں ہوں گے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا"جس نے سورج نکلنے سے پہلے اور غروب ہونے سے پہلے کی نماز پڑھی وہ جہنم میں داخل نہیں ہوگا۔"( مسلم )

جنت میں داخلہ:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :"جس نے دو نمازیں (عصر اور مغرب) پڑھیں وہ جنت میں داخل ہو گا ۔" (بخاری)

دنیا کی تمام چیزوں سے بہتر:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا " نماز فجر کی دو سنتیں دنیا اور اس کی ہر چیز سے بہتر ہیں۔"

اللہ پاک کی پناہ:فجر کی نماز پڑھنے والا براہ راست اللہ پاک کی حفاظت میں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا"جس نے نمازفجر پڑھی تو وہ اللہ پاک کی حفاظت میں ہے، لہذا ابن آدم ہوشیار رہو کہ اللہ پاک تم سے کسی وجہ سے اپنی حفاظت سے غیر حاضر رہنے کا حساب نہ لے۔"

اجر عظیم:فجر کی نماز پڑھنے کا ثواب سب سے بڑا ہے۔ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"جس نے صبح کی نماز با جماعت ادا کی، پھر سورج نکلنے تک اللہ کا ذکر کرتا رہا، پھردو رکعت نماز پڑھی، تو اس کے لئے حج اور عمرہ کے برابر ثواب ہے۔" (ترمذی)

اللہ پاک ہمیں فرض نمازیں پابندی سے پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین