صوم کے معنی اِمساک یعنی رکنے کے ہیں اور اصطلاحِ شرع میں صبحِ صادق سے لے کر
غروبِ آفتاب تک کھانے،پینے اور جماع سے رُکے رہنے کا نام روزہ ہے۔
ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین!فرض روزوں کے علاوہ نفل روزوں کی بھی عادت
بنانی چاہئے کہ اس میں بے شمار دینی اور دنیوی فوائد ہیں اور ثواب تو اتنا ہے کہ جی
چاہتا ہے کہ بس! روزے رکھتی ہی چلے جائیں، اسی مناسبت سے نفل روزوں کے فضائل پڑھئے
اور جھو مئے اور نیت فرمائیے کہ ہم بھی نفل روزے رکھیں گی۔ان شاء اللہ
نفل روزوں
کے فضائل احادیثِ مبارکہ سے
حضرت قیس بن زید جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت
ہے،اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ جنت نشان ہے:جس نے ایک نفل
روزہ رکھا،اللہ پاک اس کے لئے جنت میں ایک درخت لگائے گا،جس کا پھل انار سے چھوٹا
اور سیب سے بڑا ہوگا،وہ موم سے الگ نہ کئے ہوئےشہد جیسا میٹھا اورموم سے الگ کئے
ہوئے خالص شہد کی طرح خوش ذائقہ ہو گا،اللہ
پاک بروزِ قیامت روزہ دار کو اس درخت کا پھل کھلائے گا۔(معجم کبیر ،18/ 366، حدیث: 935)
تاجدارِ رسالت صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کافرمانِ ڈھارس نشان ہے:جس نے ثواب کی امید رکھتے ہوئے ایک
نفل روزہ رکھا، اللہ پاک اسے دوزخ سے چالیس سال (کا فاصلہ) دور فرما دے گا۔(کنزالعمال،
8/ 255، حدیث: 24149)
اللہ پاک کے آخری نبی، مکی مدنی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عافیت نشان ہے:جس نے رضائے الٰہی
کیلئے ایک دن کانفل روزہ رکھا تو اللہ پاک اس کے اور دوزخ کے درمیان ایک تیز رفتار
سوار کی 50 سالہ مسافت کا فاصلہ فرما دے گا۔(کنزالعمال،8/255، حدیث: 24149)
حضرت ابو امامہ رضی اللہ
عنہ فرماتے ہیں:میں
نے عرض کی:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ! مجھے کوئی عمل بتائیے؟ارشاد فرمایا: روزےرکھا کرو، کیوں کہ اس جیسا کوئی عمل نہیں،میں نے پھر عرض کی:مجھے
کوئی عمل بتائیے؟ فرمایا:روزے رکھا کرو، کیوں
کہ اس جیسا کوئی عمل نہیں، میں نے پھر عرض کی:مجھے کوئی عمل بتائیے؟ فرمایا:روزے
رکھا کرو، کیوں کہ اس کا کوئی مثل نہیں۔
( نسائی،4/166)
ایّامِ بیض
کے روزوں کی فضیلت
فرمانِ مصطفے صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم :ہر مہینے میں تین دن کے روزے ایسے ہیں،جیسے دَہر یعنی ہمیشہ
کے روزے۔
(بخاری، 1/ 649، حدیث: 1975)
رمضان کے روزے اور ہر ماہ میں تین روزے(تین دن کے) سینے کی خرابی کو دور کرتے ہیں۔(مسنداحمد، 9/ 36، حدیث:23132)
جب مہینے میں روزے رکھنے ہوں تو تیرہ، چودہ اور پندرہ کو رکھو۔(معجم کبیر، 25/ 35،
حدیث: 60)
اللہ پاک ہمیں بھی ان فضائل کو حاصل کرتے ہوئے نفل روزے رکھنے کی سعادت عطا
فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم