اللہ  تبارک و تعالیٰ نے اپنے بندوں پر بے شمار نعمتیں انعام فرمائی ہے اگر اِن نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے تو اللہ تعالیٰ ان نعمتوں کو بڑھا دیتا ہے اور اگر ان نعمتوں کی ناشکری کرے تو اللہ تعالیٰ اس نعمت کو ان سے وآپس لے لیتا ہے۔

(1) نعمتوں کا بیان کرنا شکر ہے:حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو تھوڑی نعمتوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ زیادہ نعمتوں کا بھی شکر ادا نہیں کرتا اور جو لوگوں کا شکر ادا نہیں وہ اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو بیان کرنا شکر ہے اور انہیں بیان نہ کرنا نا شکری ہے(حوالہ:شعب الایمان حدیث:9119)

(2) اللہ تعالیٰ عذاب دے گا: حضرت حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ جب کسی قوم کو نعمت عطا فرماتا ھے تو ان سے شکر ادا کرنے کا مطالبہ فرماتا ہے جب وہ شکر کریں تو اللہ تعالیٰ انکی نعمت کو زیادہ کرنے پر قادر ہے اور وہ نا شکری کریں تو اللہ تعالیٰ ان کو عذاب دینے پر قادر ہے (حوالہ:ابی دنیا کتاب الشکر حدیث:60)

(3) نا شکر عورتوں:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تبارک و تعالیٰ اس عورت کی طرف نظر رحمت نہیں فرمائے گا جو اپنے شوہر کی نا شکری کرتی ہو وہ اللہ پاک سے بے نیاز بھی نہیں ہو سکتی (حوالہ سلسلہ صحیحہ :289)

(4) اپنے سے کم درجے والے کو دیکھے:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جب تم میں سے کوئی شخص کسی ایسے آدمی کو دیکھے جو مال اور شکل و صورت میں اس سے بڑھ کر ہو تو اسے چاہیے کہ ایسے شخص کی طرف دیکھ لے جو مال اور شکل و صورت میں اس سے کم درجے میں ہو ایسا کرنے سے ناشکری پیدا نہیں ہوتی (حوالہ: صحیح البخاری:6490)

(5) انعام یافتہ لوگ شکر نہیں کرتے: حضرت سیدنا حسن بصری علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہے:وہ خیر جس میں کسی کا شر نہ ہو وہ شکر کے ساتھ عافیت ہے مگر بہت سے انعام یافتہ لوگ شکر ادا نہیں کرتے (حوالہ: احیاء العلوم جلد:4 صفحہ:393)

نا شکری سے بچنے کا نسخہ: حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اپنے سے کم حیثیت والے کو دیکھو اپنے سے زیادہ حیثیت والے پر نظر نہ رکھو بے شک یہ اس بات کے کے زیادہ لائق ہے کہ تم اللہ عزوجل کی نعمتوں کو حقیر نہ جانو (حوالہ: فیضان ریاض الصالحین:جلد 4 صفحہ:678)

اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں نا شکری سے بچ کر اللہ تبارک و تعالیٰ کی نعمتوں کا زیادہ سے زیادہ شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)