محافل ِ میلاد میں اللہ پاک کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں۔میلاد منانے والوں سے سرکار ﷺ خُوش ہوتے ہیں۔

دارالمدینہ ہیڈ آفس کے اسلامی بھائیوں، دارالمدینہ بوائز ہائی اسکول کے طلبہ، ٹیچرز اور ان کے سرپرستوں کا اجتماع ِ میلاد دعوت ِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجتماع پاک کا آغاز تلاوت ِ قراٰنِ پاک سے ہوا جبکہ دارالمدینہ کے مختلف کیمپسزکے طلبہ نے نبی کریم ﷺکی بارگاہ میں نعتوں کے نذرانے پیش کئے اور اردو و انگریزی میں سنتوں بھرے بیانات کئے۔

اس موقع پرطلبہ نے جشن ِ ولادت سے متعلق مختلف چارٹس بھی ہاتھوں میں اٹھارکھے تھے۔اس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ شعبہ دارالمدینہ حاجی محمد اطہر عطاری نے اپنے سنتوں بھرے بیان میں بتایا کہ آپ ﷺسے محبت کاتقاضاہے کہ ہماری کوئی نمازقضا نہیں ہونی چاہیے۔

ان دنوں دارالمدینہ نے خصوصی طور پر درودپاک پڑھنے کی ترغیب دلائی ہے۔اب تک دارالمدینہ کے طلبہ اوراسٹاف کم و بیش 50کروڑ درود پاک پڑھ چکے ہیں۔

مزید رکنِ شوریٰ کا کہنا تھا یہ عزم کیجیے کہ درودپاک نہ صرف ربیع الاول میں بلکہ زندگی کی آخری سانس تک پڑھتے رہنا ہے۔

رکن شوری نے طلبہ کوتربیت کے مدنی پھول دیتے ہوئے اُنہیں پانچوں وقت باجماعت مسجدمیں نمازاداکرنے، ماں، باپ، استاد ، مرشدِ کریم، بہن بھائیوں، پڑوسیوں اوررشتے داروں کا احترام کرنے، روزانہ تلاوت قراٰن کرنے، پڑھائی پر بھرپور توجہ دینے، صحت کاخیال رکھنے اور نظم وضبط پیدا کرنے کی تاکید کی۔اسی طرح رکنِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے جڑے رہنے اور مدنی قافلوں کا مسافر بننے کی ترغیب بھی دلائی۔

شرعی ایڈوائز ر دارالمدینہ مولانا کفیل رضا عطاری مدنی نے شرکا کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ محبت نبی کریم ﷺ سے ہونی چاہیے۔ذکرِ رسول اور دُرود و سلام کی محفلیں سجانےسے ہمارا گھر بھی روشن ہوگا نیز  ہمارا اور ہمارے بچّوں کا مستقبل (دُنیا وآخرت) بھی روشن ہوگا۔

مولانا کفیل رضا عطاری مدنی نے نماز کی پابندی اوروالدین کی اطاعت پر طلبہ کی ذہن سازی کی۔اس موقع پر اجتماع میں والدین کی ایک تعدادبھی موجودتھی۔آخر میں تلاوت، نعت اور بیانات کے مقابلوں میں ریجن سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک، اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)